ملتان کی ایک عمر رسیدہ خاتون نے ڈیم فنڈ میں ایک لاکھ روپے جمع کروادئے

ڈیم فنڈ میں جمع کروانے کے لیے رقم پنشن جمع کر کر کے دی۔ بزرگ خاتون

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اکتوبر 2018 17:27

ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اکتوبر 2018ء) : ملک بھر میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لیے قائم کیے جانے والے ڈیم فنڈ میں ملتان کی ایک عمر رسیدہ خاتون نے ایک لاکھ روپے جمع کروا دئے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان سے تعلق رکھنے والی ایک بزرگ خاتون نے ڈیم فنڈ میں ایک لاکھ روپے جمع کروادئے۔ عمر رسیدہ خاتون کا کہنا ہے کہ میں نے یہ پیسے اپنی پنشن سے جمع کیے ہیں۔

یہ پیسے میں نے اپنے ملک کے لیے جمع کیے ہیں جنہیں میں نے ڈیم فنڈ میں عطیہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں پانی کی قلت کو پورا کرنے کے لیے ڈیمز فنڈ قائم کیا گیا جس میں پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، یہی نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیم فنڈ میں حصہ ڈالنے کی اپیل کے بعد یہ سلسلہ مزید تیز ہو گیا ۔

(جاری ہے)

دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم کئے جانے والے وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ میں عطیات جمع کروانے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

گذشتہ ہفتے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین نے بھی ڈیم فنڈ میں رقم عطیہ کی تھی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ملازمین نے 14.685 ملین روپے ڈیم فنڈ میں جمع کروائے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے گریڈ ایس جی ون سے ایس جی الیون کے ملازمین نے اپنی ایک روز کی تنخواہ جبکہ ای جی ون سے ای جی ٹین کے ملازمین نے اپنی دو دن کی تنخواہ ڈیم فنڈ کے لیے عطیہ کی۔

قبل ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ملازمین نے بھی دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیمز کے لیے قائم کردہ فنڈز میں 19 لاکھ 12 ہزار 9 سو 70 روپے کی رقم عطیہ کی۔ڈیم فنڈ کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے گریڈ 1 سے 15 کے ملازمین نے 1 دن اور گریڈ 16 سے 22 کے افسران نے 2 دن کی تنخواہ جمع کر وائی تھی۔ یاد رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے بنک اکاؤنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جس میں عطیے کی رقم جمع کروائی جا سکتی ہے۔اس بنک اکاؤنٹ کا ٹائٹل دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ 2018ء (''DIAMER-BHASHA AND MOHMAND DAM FUND –2018'') رکھا گیا ہے اور اکاؤنٹ نمبر 4-001-299999-593-03 ہے جبکہ آئی بی این نمبر PK06SBPP0035932999990014 ہے۔ جہاں ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ جمع کروایا جا سکتا ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں