خالی خزانے سے ملک نہیں چلتے، ڈالر کے بلند سطح پر جانے سے عوام کو پہنچنے والی تکالیف کا احساس ہے، وزیرخارجہ کاتاجروں کے کنونشن سے خطاب ،نومنتخب عہدیداروں سے حلف لیا

اتوار 9 دسمبر 2018 21:30

ملتان۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خالی خزانے سے ملک نہیں چلتے۔ وسائل کی دستیابی سے ہی عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبے مکمل ہوتے ہیں۔ ودہولڈنگ ٹیکس ایف بی آر کی ناکامی کا کھلا ثبوت ہے۔ جب ٹیکس وصولی کے ادارے براہ راست ٹیکس وصول کرنے میں ناکام ہوجاتے ہیں تو ودہولڈنگ ٹیکس جیسے ٹیکسوں کا نفاذ ہوتا ہے۔

ڈالر کے بلند سطح پر جانے سے عوام کو پہنچنے والی تکالیف کا احساس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان انجمن تاجران کے تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضلع ملتان کی قومی و صوبائی نشستوں پر پی ٹی آئی امیدواروں کی کامیابی میں تاجر برادری کا بہت اہم کردار ہے۔

(جاری ہے)

ودہولڈنگ ٹیکس کے ناقص ہونے اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن کی ناکامی کا اپوزیشن میں ہوتے ہوئے بھی تذکرہ کرتے تھے آج بھی اس کا احساس ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ ایف بی آر ٹیکس وصولیوں میں ٹیکس افسروں کی جیبوں میں جانے کا سلسلہ روکا جائے۔ ان اقدامات سے تاجر برادری کو فائدہ پہنچے گا اور قومی خزانے میں رقوم جمع ہوں گی۔ وزیر خزانہ اسد عمر سے جلد ہی تاجر وفد کی ملاقات کروائی جائے گی اور میں خود تاجروں کی نمائندگی کروں گا۔ تاجر کنونشن میں فکسڈ ٹیکس کی بات کی ہے۔

غلط اسسمنٹ کے نام پر تاجروں کو بلیک میل کیاجاتا ہے اور تاجروں پر فکسڈ ٹیکس نافذ کردیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے بھی وزارت خزانہ سے بات کی جائے گی۔ ڈ الر کی قدر میں اضافے کے بہت سے عوامل ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کو ورثہ میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا تجارتی خسارہ اور معاشی بحران ملا۔ بیرونی سرمایہ کاری میں کمی کا سامنا ہے۔ برآمدات گررہی ہیں لیکن حکومت معاشی و اقتصادی بحرانوں سے نکلنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔

زرمبادلہ کے ذخائر معقول سطح پر آنے سے ڈالر مستحکم ہوگا اور ہماری اقتصادی ٹیم اقدامات کررہی ہے۔ تجاوزات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس میں واضح طور پر حکم دیا تھا کہ چھوٹے اور متوسط تاجروں کو تنگ نہ کیاجائے اور ان کی دکانوں‘ مکانات کو نہ چھیڑا جائے۔ لینڈ و قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اور سرکاری اراضی واگزار کروائی جائے۔

انہوں نے ملتان انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعظم کے احکامات اور ہدایات پر عملدرآمد کیا جائے۔ کسی بھی ملک کی معیشت کی رونق اس ملک کے بازاروں سے ہوتی ہے۔آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی نے خطاب کرتے کہا کہ تحریک انصاف جس کو ابھی اقتدار میں آئے بمشکل 100 دن پورے ہوئے ہیں ان کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے خاص طور پر حکومت کی معاشی پالیسیوں کو بطور خاص بحث کا حصہ بنایا جاتا ہے۔

انجمن تاجران جنوبی پنجاب کے صدر شیخ جاوید اختر نے کہا کہ ظالمانہ ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کا فوری اعلان کیا جائے۔آل پاکستان انجمن تاجران کے تاجر کنونشن میںوزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر حاجی جاوید اختر انصاری، ایم پی اے محمد ندیم قریشی،ملک عدنان ڈوگر،شیخ جاوید اختر،شیخ اکرم حکیم، عارف فصیح اللہ، جعفرشاہ ، خالد محمود قریشی، شاہد محمود انصاری ، مرزا نعیم بیگ ،بابر علی قریشی،جاوید اختر خان،چودہری محمود،ذیشان صدیقی،کاشف رفیق سمیت ملتان شہر کی درجنوں مارکیٹوں اور بازاروں کے عہدیداروں نے بھاری تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر انجمن تاجران موبائل مارکیٹ رحمہ مارکیٹ کے نومنتخب عہدیداروں سے وزیر خارجہ نے حلف لیا۔دریں اثناء انجمن تاجران گھنٹہ گھر کے رہنما حاجی نوید قریشی کو آل پاکستان انجمن تاجران ضلع ملتان کا نائب صدر مقرر کیا گیا۔ ایم پی اے ندیم قریشی نے نومنتخب نائب صدر سے حلف لیا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں