ملتان خانیوال موٹروے کو بند کردیا گیا

دھند کی شدت میں اضافے کے باعث ہائے وے پولیس نے موٹروے کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 13 دسمبر 2018 23:56

ملتان خانیوال موٹروے کو بند کردیا گیا
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 دسمبر2018ء) ملتان خانیوال موٹروے کو بند کردیا گیا، دھند کی شدت میں اضافے کے باعث ہائے وے پولیس نے موٹروے کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ حالیہ بارشوں کے بعد جنوبی پنجاب میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ جنوبی پنجاب میں دھند کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

اسی باعث جمعرات کی شب کو ملتان خانیوال موٹروے بند کردی گئی ہے۔ ھند کی شدت میں اضافے کے باعث ہائے وے پولیس نے موٹروے کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا اور عوام کو جی ٹی روڈ کا راستہ اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔ ہائے وے پولیس نے عوام کو دوران ڈرائیونگ احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں بعض مقامات پر شدید دھند اور بعض مقامات پر ہلکی دھند ہے‘ موٹروے حکام نے غیر ضروری سفر سے گریز اور فوگ لائٹس کےاستعمال کی ہدایت کی ہے. فضا دھندلانے سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثرہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ملتان میں حد نگاہ 200میٹر سے بھی کم رہ گئی ہے جس سے سکول جانے والے طلبا اور دفاتر جانے والے شہریوں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑا. وہاڑی بھی دھند میں لپٹا رہا اور ساتھ چلتی گاڑیاں دیکھنا بھی دشوار ہوگیا‘ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی دھند چھائی رہی جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا‘بورےوالامیں بھی حد نگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی. گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، لاہور، ساہیوال، بہاولپور، بنوں ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی. دوسری جانب ملکہ کوہسار مری میں رواں سیزن کی پہلی برف باری ہونے کے بعد سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے. مری میں ٹریفک کی سہولتوں کے پیش نظر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے، ٹریفک پولیس نے سیاحوں کی سہولت کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ سیاح صرف پیٹرول گاڑی پر ہی مری آئیں، مری آنے والے سیاح گاڑی میں ٹوچین بھی ساتھ رکھیں. ٹریفک پولیس کے مطابق روڈ پر گاڑی کھڑی کرکے سیلفیاں نہ بنائیں تاکہ اس ٹریفک متاثر نہ ہو، سیاح پیٹرول کا ٹینک فل رکھیں اور غلط پارکنگ نہ کریں. ٹریفک پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاح مدد اور رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں.

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں