اضافہ شدہ

ریلوے کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے،تاجروں کو اپنافریٹ ریل پرمنتقل کرناہوگا، 20 فروری تک مظفر گڑھ ، لیہ ، بھکر اور کندیاں کے راستے اسلام آباد جانے والی تھل ایکسپریس دوبارہ چلادی جائے گی، یکم فروری سے بغیرٹکٹ والوں کو گرفتار بھی کریں گے، ملتان کو عنقریب سلیپر بوگی مہیا کردی جائیگی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد ایوان تجارت سے خطاب

اتوار 20 جنوری 2019 20:00

ملتان ۔20جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریل غریب کی سواری ہے، اس کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے تو یہ چلتا رہے گا اور ریل کو منافع بخش بنانے کے لئے تاجروں کو اپنا فریٹ ریل پر منتقل کرنا ہوگا، آٹھ ٹاپ ایکسپریس ٹرینوں میں سے ایک اور ٹرین کابھی عنقریب ملتان میں سٹاپ مقرر کر رہے ہیں۔

ایوان تجارت وصنعت ملتان میں خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ 20 فروری تک مظفر گڑھ ، لیہ ، بھکر اور کندیاں کے راستے اسلام آباد جانے والی ٹرین تھل ایکسپریس بھی دوبارہ چلادی جائے گی، اس وقت ملتان میں 38 ٹرینیں سٹاپ کررہی ہیں جو اس قدیم ترین اور اولیا اللّہ کے شہر ملتان کے لوگوں کے لئے ایک بڑی سہولت ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ ملتان سے چلنے والی زکریا ایکسپریس کو نئی کوچز اندازاًً پانچ ماہ میں مل جائیں گی کیونکہ ہم نے 230 نئی کوچز کے لئے ٹینڈرز جاری کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم نے اس سال 20 فریٹ ٹرینیں چلانے کا ٹارگٹ مقررکیا ہے جن میں ایک ملتان سے شروع ہو گی۔ ملتان کے صنعت کاروں کو پاکستان ریلوے کی طرف سے کھلی آفر ہے کہ وہ جب چاہیں یہاں سے فریٹ ٹرین چلائیں، ہم ان سے ٹریک اور دیگر سہولیات کا 23 لاکھ روپے فی چکر لیں گے، آپ جتنا مرضی کمائیں یا مل کر اپنے مال کی نقل وحمل کریں۔شیخ رشید نے کہاکہ ملتان سے چلنے والی یا یہاں سٹاپ کرنے والی لگ بھگ سب ٹرینوں کوراولپنڈی اورکراچی سے منسلک کررہے ہیں، ملتان لاہور ڈاؤن ٹریک بہت ہی اچھی حالت میں ہے، اس پر انشاء اللہ ایکسپریس ٹرینوں کی سپیڈ بھی بڑھا دیں گے، اس کے علاوہ ملک بھر سے کراسنگ پھاٹک ختم کردیں گے۔

شیخ رشید نے کہاکہ ملتان کو عنقریب سلیپر بوگی بھی مہیا کردی جائیگی۔اس کے علاوہ سبزی وفروٹ کے لئے بوگی کیلئے ان کے برآمدکنندگان ڈی ایس ریلوے ملتان سے مل کربوگی کا کرایہ طے کریں ہم بوگی دیدیں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرتی رویوں میں بھی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، یورپ میں بغیرٹکٹ سفر کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا۔ ہم نے بغیر ٹکٹ والوں سے صرف ایک ہفتے میں 6 کروڑ روپے جرمانہ وصول کیا ہے، اب ایسا نہیں چلے گا۔

یکم فروری سے بغیرٹکٹ والوں کو گرفتار بھی کریں گے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ ریلوے میں 38 ارب روپے سالانہ پنشن ، 31 ارب روپے تنخواہوں اور 18ارب کا تیل کاخرچہ ہے۔ڈیڑھ لاکھ پنشنرز جبکہ ایک لاکھ کام کرنے والے ہیں، ایسے حالات میں ریلوے کیسے کام کر رہاہے آپ خود سوچ لیں۔شیخ رشید نے کہا کہ نئے ٹریک ایم ایل ون جس کے لئے چائنہ والے 8.2 ارب ڈالر کہہ رہے ہیں کراچی سے پشاور تک بننے کے بعد ٹرینوں کی رفتار 120 کلومیٹر سے 260 کلومیٹر تک ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ کفن کی جیب نہیں ہوتی، یہ ملک ہم سب کا ہے، ہمیں سب کاموں کے لئے حکومت کی طرف ہی نہیں دیکھناچاہیے، ہم ریلوے کے ہسپتال اور سکولز کو پرائیویٹ کریں گے ،صنعت کار آگے بڑھیں اوراس موقع سے فائدہ اٹھا کر کاروبار اور ملک کی خدمت بھی کریں۔اس کے علاوہ ہمارے پاس تین تین سو ،چار چار سو ایکڑ ریلوے اراضی جگہ جگہ موجودہے صنعت کار آگے بڑھ کر یہاں نرسریاں بنائیں صنعت کاروں اور چیمبر ممبران کے دس بارہ سال پہلے بھی یہی مطالبات تھے آج بھی وہی ہیں اور اگر میں کچھ سال بعد پھر آیا تو امید ہے ایسے ہی مطالبات ہوں گے۔

قبل ازیں بورڈ آف منیجمنٹ ملتان انڈسٹریل سٹیٹ کے صدر خواجہ جلال الدین رومی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹریل سٹیٹ ملتان چھ سو ایکڑ اور لگ بھگ 600 انڈسٹریز پرمشتمل ہے۔ یہاں موجود ریلوے کراسنگ اکثر بند رہتاہے اس پر فلائی اوور یا انڈرپاس بنادیاجائے۔اس کے علاوہ ملتان ڈرائی پورٹ کیلئے مظفرگڑھ سے کارگوٹرین جبکہ ایک پلیٹ فارم سے دوسرے پرجانے کیلئے خصوصاًًسپیشل افراد کیلئے برقی زینے بنائے جائیں۔

سابقہ صدر خواجہ یوسف کے علاوہ رحیم یارخان ،ڈیرہ غازیخان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدورنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے مطالبات کووفاقی سطح پرپزیرائی دلائی جائے۔ملتان پورے ملک میں چوتھے نمبرپرسرکاری محصولات دے رہاہے۔انہوں نے کہاکہ رحیم یار خان سے فریٹ ٹرین اورکراچی پنڈی اورفیصل آباد جانے کیلئے صبح اوردن کے اوقات میں ٹرینیں دی جائیں۔

ایوان تجارت وصنعت ملتان کے صدر محمد سرفراز نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مہر ایکسپریس کی رفتار بڑھائی جائے اور ایک اے سی سلیپر دیا جائے۔ ملتان سے لاہور اورکراچی کیلئے دن میں ٹرینیں دی جائیں ملتان سے لاہور کی ٹرین کے اوقات کو صبح 5 بجے اورشام 5 بجے مقررکیاجائے۔ملتان سے کراچی کیلئے شاہ رکن عالم ایکسپریس جسے بند کردیا گیا تھا کو دوبارہ چلایا جائے۔

گرین لائن کوملتان میں سٹاف دیاجائے۔انکوائری کے لئے نظام کو بہتر اور سٹاف کو بڑھایا جائے۔ اس موقع پرچیف ایگزیکٹو آفیسر سینئر جنرل منیجر ریلوے آفتاب اکبر ،ڈی ایس ملتان امیرمحمد دائو پوتا، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر تنویر اے شیخ ،سابق صدر چیمبر اسراراعوان ،خواجہ بدرمنیر ،خواجہ محمد فاروق ،انیس خواجہ ،سید افتخارعلی شاہ ،آئیل ملز ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ فاضل ،خواجہ عثمان اورپی سی جی اے کے شیخ عاصم سعید کے علاوہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اورتحریک انصاف کے عہدیداران بھی موجودتھے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں