ْپلوامہ واقعہ افسوسناک ،بھارت نے بغیر تحقیقات پاکستان پر الزام عائد کیا ،شاہ محمود قریشی

بھارتی حکومت الیکشن جیتنے کیلئے جنگ کو ہوا دے رہی ہے،بھارت خطے کے امن کو سیاست کی نذر نہ کرے،بھارت سن لے یہ نیا پاکستان ہے وزیر اعظم نے بتادیا ہے ہربھارتی حماقت کا جواب دیا جائیگا،افغانستان میں مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کروارہے ہیں ، مسئلہ کشمیر کا حل بھی صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے، سعودیہ ایران مسئلے پر پاکستان غیر جانبدار ہے،بہت جلد ملک میں سرمایہ کاری کی بارش ہونیوالی ہے، وزیر خارجہ کی پریس کانفرنس

منگل 19 فروری 2019 19:36

ْپلوامہ واقعہ افسوسناک ،بھارت نے بغیر تحقیقات پاکستان پر الزام عائد کیا ،شاہ محمود قریشی
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پلوامہ واقعہ افسوسناک ہے بھارت نے بغیر تحقیقات پاکستان پر الزام عائد کیا ہے، بھارتی حکومت الیکشن جیتنے کیلئے جنگ کو ہوا دے رہی ہے،بھارت خطے کے امن کو سیاست کی نذر نہ کرے ،بھارت سن لے یہ نیا پاکستان ہے ،وزیر اعظم نے بتادیا ہے ہربھارتی حماقت کا جواب دیا جائیگا،افغانستان میں مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کروارہے ہیں ، مسئلہ کشمیر کا حل بھی صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے،پلوامہ حملے کے بعد کشمیریوں پر مزید ظلم کیا جارہا ہے، سعودیہ ایران مسئلے پر پاکستان غیر جانبدار ہے،بہت جلد ملک میں سرمایہ کاری کی بارش ہونیوالی ہے۔

منگل کوپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پلوامہ واقعہ افسوسناک ہے ،ہندوستان نے بغیر تحقیقات پاکستان پر الزام عائد کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت الیکشن جیتنے کیلئے جنگ کو ہوا دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کروارہے ہیں کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں بھی 17سال بعد مذاکرات ہورہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل صرف مذاکرات سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں ظلم کررہا ہے،پلوامہ حملے کے بعد کشمیریوں پر مزید ظلم کیا جارہا ہے انتہاء پسند ہندو کشمیریوں کی املاک جلا رہے ہیں ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کرنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کی ہر معقول بات کا مثبت جواب دیگا، بھارت خطے کے امن کو سیاست کی نذر نہ کرے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے 70ہزار قربانیاں دی ہیں، پاکستان کبھی اپنی سرزمین کو دہشتگردی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیگا ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سن لے یہ نیا پاکستان ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مفصل بیان میں پاکستان کا موقف پیش کردیا ہے ،وزیر اعظم نے بتادیا ہے ہربھارتی حماقت کا جواب دیا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ حالیہ صورتحال پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط لکھ دیا اور کلبھوشن کے مسئلے پر بھی اپنا موقف پیش کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس کلبھوشن کے بارے میں ٹھوس شواہد موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان اس وقت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، بھارت میں ہمارے پتلے جلائے جارہے ہیں ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سعودی ایران تعلقات میں تناؤ پہلے سے ہے،سعودی وزیر خارجہ نے ایران کے بارے میں جو کہا وہ ان کی اپنی رائے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ہمارا برادر ملک اور دیرینہ دوست ہے، سعودیہ ایران مسئلے پر پاکستان غیر جانبدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ملک میں سرمایہ کاری کی بارش ہونیوالی ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں