پی ٹی آئی نیاقتصادی صورتحال کے چیلنج کو چیلنج قبول کیا،سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کریں گے۔وزیرخارجہ

جمعرات 16 مئی 2019 21:40

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2019ء) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقتصادی ماہرین کی جو ٹیم تشکیل دی ہے وہ جلد سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کردے گی۔جمعرات کے روز ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہاکہ ملک کی اقتصادی صورتحال موجودہ حکومت کے لیے ایک چیلنج کی حیثیت رکھتی ہے اور پی ٹی آئی نے یہ چیلنج قبول کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے معیشت بہتر ہوگی۔حکومت کے پاس اقتصادی ماہرین کی جوٹیم ہے وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شبر زیدی ٹیکس کے شعبے کے ماہر ہیں اور ماضی میں وہ کسی حکومت کا حصہ نہیں رہے۔وزیراعظم عمران خان نے ٹیکسوں کی وصولی میں اضافے کے لیے ان کی خدمات حاصل کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عبدالحفیظ شیخ اور سلمان شاہ سے بھی حکومت کو بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔

یہ دونوں بھی اپنے اپنے شعبوں کے ماہر ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ نے کہاکہ سٹیٹ بینک آف پاکستان ڈالر کی قیمتوں میں اتارچڑھائو کو مانیٹر کر رہا ہے اور وزارت خزانہ اس معاملے میں کوئی مداخلت نہیں کررہی ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور چین کے درمیان تجارت کی جنگ نہ صرف یہ کہ پاکستانی مارکیٹ بلکہ دنیا بھر میں مارکیٹوں پر اثر انداز ہورہی ہے۔

جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جہانگیر خان ترین صوبے کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور بعض عناصر ڈس انفارمیشن پھیلا کر معاملات کوخراب کرنا چاہتے ہیں۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ اس معاملے پر طارق بشیر چیمہ کو قائل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام پارٹی کے منشور کاحصہ ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اگر مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی یہ سمجھتی ہیں کہ موجودہ حالات میں احتجاج ملک کے حق میں ہے تو پھر ہم ان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

تاہم انہی جماعتوں نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ اس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا اور ملکی معیشت متاثر ہوگی۔امریکہ اور ایران کے تنازعے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں دیرپا امن چاہتا ہے۔ہم مسائل کے حل کے لیے نئی بھارتی حکومت سے بھی مذاکرات کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اوربھارت کے درمیا ن صورتحال کنٹرول کرنے میں عالمی برادری نے اہم کردارادا کیا جس کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے جو قانون کے مطابق کام کررہاہے۔جوجماعتیں نیب پر تنقید کررہی ہیں انہوں نے اپنے دور حکومت میں نیب قانو ن کو تبدیل کیوں نہیں کیا تھا۔وزیرخارجہ نے نئے بلدیاتی نظام کے بارے میں کہاکہ اس نظام کے اعلان سے قبل وزیراعظم عمران خان نے 17اجلاسوں کی صدارت کی۔بلدیاتی الیکشن تین مرحلوں میں ہوںگے ۔ جن میں پنجائیت کونسلوں، تحصیل کونسلوں اور شہری کونسلوں کے الیکشن شامل ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں