ضلعی انتظامیہ کا گندم اور چینی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کافیصلہ

ہفتہ 18 مئی 2019 19:00

ملتان ۔18مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے گندم اور چینی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ضلعی سطح پر ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو گوداموں اور فیکٹریوں پر چھاپے مار کر ذخیرہ کی گئی گندم اور چینی کو اوپن مارکیٹ میں مہیا کریں گی تاکہ کمیشن مافیا اور ذخیرہ اندوزو مصنوعی قلت پیدا کرکے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ نہ ڈال سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر ذخیرہ اندوزوں کے گوداموں پر چھاپے ماریں اور سٹاک کو اوپن مارکیٹ میں مہیا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ گندم اور چینی کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو آغا ظہیر عباس شرازی سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور سپیشل برانچ کے اداروں نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے سکیورٹی اداروں کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں آٹا چینی دالوں سمیت کسی بھی اشیاء خوردونوش کی مصنوعی قلت ہرگز پیدا نہیں ہونے دیں گے۔ تمام ضلعی افسران کو علی الصبح سبزی و فروٹ منڈیوں میں جاکر اشیائے خوردونوش کی نیلامی اپنی نگرانی میں کرانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں تاکہ رمضان بازار سمیت اوپن مارکیٹ میں تمام اشیاء کنٹرول ریٹ پر دستیاب ہو سکیں اور روزہ داروں پر معاشی بوجھ نہ پڑے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہول سیل ڈیلرز سے اپیل کی کہ وہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں اور اوپن مارکیٹ میں تمام اشیاء خور ونوش کی ترسیل بلاخوف وخطر کریں تاکہ ماہ رمضان کے تقدس سے تمام عوام یکساں طور پر مستفید ہو سکیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں