کپاس کی پیداوار میںاضافے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا،سیکرٹری زراعت

اتوار 19 مئی 2019 15:00

ملتان ۔19مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے رواں سال کپاس کی کاشت اور پیداوار کیلئے عوامل نہایت سازگار اور حوصلہ افزاء ہیں، پوری دنیا میں کپاس کی کھپت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، کپاس کی پیداوار اور کھپت میں عدم توازن کی وجہ سے کپاس کی فصل سے بھرپور منافع حاصل ہونے کے قوی امکانات ہیں، لہٰذا محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز کو کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا، کپاس کے مطلوبہ اہداف کے حصول کیلئے دیگر سٹیک ہولڈرز کو بھی شب و روز سخت محنت اور جانفشانی سے عملی کردار ادا کرنا ہوگا مشترکہ کاوشوں سے ہی کپاس کی فصل کی زیادہ رقبہ پر کاشت اور فی ایکڑ بہتر پیداوار حاصل کرکے ملکی معیشت میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی اور بقاء کپاس کی بحالی سے براہ راست منسلک ہے۔ ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ کاشتکاروں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی بارے بروقت معلومات فراہم کی جائیں۔ فصلوں کی لاگت کاشت کم کرنے کیلئے کھادوں پر سبسڈی جاری کردی گئی ہے۔ تمام فیلڈ فارمیشنز نہ صرف کپاس کی کاشت پر توجہ دیں بلکہ بعد ازاں اس کی دیکھ بھال اور نگہداشت کے مراحل کے دوران فنی رہنمائی و تربیت کا بہترین نمونہ پیش کریں تاکہ کاشتکاروں کی آمدن سمیت ملکی معیشت کو بھی فائدہ ہو۔

کپاس کے تمام پیداواری عوامل بارے مرحلہ وار تربیتی پروگراموں کے انعقاد سے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیاری زرعی ادویات اور کھادوں کی مقرر کردہ قیمتوں پر مارکیٹ میں دستیابی یقینی بنائی جارہی ہے۔ کھادوں اور زرعی ادویات کی کوالٹی برقرار رکھنے سیمپلنگ اور مانیٹرنگ کے عمل میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کی فیلڈ فارمیشنز کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اب افسر نہیں بلکہ کارکن بن کر کام کرنا ہے۔

محکمہ زراعت کپاس کے کاشتکاروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب رانا علی ارشد، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی بٴْٹر اور ڈائریکٹر جنرل زراعت (پیسٹ وارننگ) پنجاب سید ظفر یاب حیدر کو کپاس کے علاقوں میں زیادہ وقت گزارنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ فیلڈ فارمیشنز کے تحت جاری سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جاسکے۔ مزید برآں کاشتکاروں کو بروقت فنی رہنمائی کی فراہمی سمیت دیگر درپیش مسائل کے حل کیلئے بروقت عملی اقدامات اٹھائے جاسکیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں