سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام ہفتہ صفائی کا افتتاح

پیر 14 اکتوبر 2019 17:05

ملتان ۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) چیئرمین والڈ سٹی پراجیکٹ ملتان محمد ندیم قریشی اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے گزشتہ روزملتان سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام ہفتہ صفائی کا افتتاح کردیاہے۔ شہر میں ہفتہ صفائی کا افتتاح گھنٹہ گھر چوک سے کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں سیاسی شخصیت عدنان ڈوگر، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصر شہزادڈوگر،اے سی سٹی قاضی منصور اوراے سی صدر شہزاد محبوب بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شہر میں مثالی صفائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو فنڈز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ کمپنی کے پاس موجودفنڈز نئی مشینری اور ہیومن ریسورس بھرتی کرنے پہ خرچ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کی صفائی صبح اور شام دونوں اوقات میں کی جائے کیونکہ یہاں روزانہ ہزاروں لوگ تفریح کے لئے آتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قلعہ پر پی ایچ اے اور میونسپل کارپوریشن کے سٹاف کو بھی تعینات کیا جائے گا تاکہ سٹریٹ لائٹس کو بحال رکھا جا سکے اور خوبصورتی کے لیے سکیپنگ کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری آفیسرز کو صفائی کی مانیٹرنگ سونپی جائے گی۔ہر آفیسر ایک روڈ کی صفائی ستھرائی کی مانیٹرنگ کرے گا۔ افسران دفتری اوقات سے ایک گھنٹہ پہلے صفائی کی مانیٹرنگ کریں گے اور روزانہ اپنی رپورٹ دیں گے۔

چیئرمین والڈ سٹی پراجیکٹ ملتان محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ ملتان میں سیوریج اور صفائی شہر کے دو اہم مسائل ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ملتان کے باسیوں کو صفائی مہم میں شامل کیا جائے گاکیونکہ عوام کے تعاون کے بغیر صفائی مہم کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی بارے تعاون حاصل کرنے کے لے گھر گھر پمفلٹ تقسیم کئے جائیں گے۔ سیاسی شخصیت عدنان ڈوگر نے کہا ہے کہ شہریوں کی ایک ٹیم تیار کی جائے گی جو رضاکارانہ طور پر سالڈویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا صفائی بارے ساتھ دے گی۔

مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر نے کہا کہ انہوں نے چیلنج سمجھ کر یہ ذمہ داری قبول کی ہے۔ منظم لائحہ عمل کے تحت شہریوں کو صفائی بارے شہر میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ گزشتہ روز صفائی کے افتتاح کے موقع پر گھنٹہ گھر چوک اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کی ہر سڑک اور جگہ کی واٹر ٹینک کے ذریعے دھلائی کی گئی اور مکنیکل سوئیپر کے ذریعے سڑکوں کوصاف کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں