عید میلادالنبیؐ اورچہلم حضرت امام حسینؓ کے انتظامات کے سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کااجلاس

پیر 14 اکتوبر 2019 17:05

ملتان ۔14 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک کی زیرصدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔اجلاس میں عید میلادالنبی اورچہلم حضرت امام حسینؓ کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سید علی رضا گردیزی،علامہ فاروق خان سعیدی، حسین شمسی ، سلیم قادری بلالی، مخدوم زاہد حسین شمسی،پروفیسر مظہر حسین گیلانی، مولانا خالد محمود ندیم، ایوب مغل، مزین عباس چاون، مخدوم عالمین،اصغر نقوی،دیگر ممبران اور سرکاری افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا کہ محرم کے موقع پر پاک فوج،رینجرز، پولیس اورتمام متعلقہ اداروں نے بہترین کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی اورچہلم حضرت امام حسینؓ پر بھی بھرپور انتظامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام، جمعہ کے خطبوں اور میلاد کی تقریبات میں شہر میں صفائی اور ڈینگی بارے عوام میں شعور اجاگر کریں۔

انہوں نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس کی بحالی اور تجاوزات کا خاتمہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ اے سی سٹی قاضی منصوراور سی او میونسپل کارپوریشن اقبال خان کو شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمہ کے لئے مسلسل مہم جاری رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں اور کہا گیا ہے تجاوزات کے خاتمہ کے حوالے سے کوئی دبائو قبول نہ کیا جائے اور بلا امتیاز کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف کامرس سے ملتان شہر کو خوبصورت بنانے کے لئے تعاون حاصل کیا جائے گا۔

پروفیسر مظہر گیلانی نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی ملتان نے فرقہ واریت اور دہشتگردی کو نفرت کی علامت بنا دیا ہے۔ ایوب مغل نے کہا کہ کشمیر کے ایشو کی وجہ سے دشمن امن خراب کرنے کی کوشش کر سکتا ہے۔ ممبران امن کمیٹی اور حکومتی اداروں کو ایسے عناصر پہ نگاہ رکھنا ہو گی۔علی رضا گردیزی نے کہا کہ منتظمین چہلم کے جلوس مقررہ وقت پر ختم کریں۔ ممبران امن کمیٹی نے انتظامیہ کوامن کے قیام کے لئے ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔بعدازاں علامہ فاروق خان سعیدی نے اس موقع پر امن کے قیام اور ملکی سلامتی و استحکام کے لئے دعا کرائی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں