پولیس اور ڈاکوئوں میں فائرنگ کا تبادلہ، چار ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

جمعرات 17 اکتوبر 2019 10:05

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) تھانہ مخدوم رشید کے علاقہ 13 ایم آر کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلے کے نتیجے میں 4 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔پولیس ترجمان کے مطابق 13 ایم آر کے قریب 7 سے 8 مسلح ڈاکوؤں نے ناکہ لگایا ہوا تھا اوروہ لوگوں کو لوٹنے میں مصروف تھے۔ ڈاکوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کر دی۔

کافی دیر فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈاکو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس نے قریب جا کر دیکھا تو 4 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پڑے تھے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں میں محمد پرویز ولد محمد رفیق قوم کھرل سکنہ 9 ایم آر، فضل الرحمن ولد علاوالدین سکنہ 4 ایم آر، ندیم ولد افضل سکنہ 4 ایم آر اور عمران سکنہ 5 ایم آر شامل ہیں۔

پولیس نے 13 ایم آر سے پہلے چھڑا چوک مخدوم رشید پر ڈاکوؤں کی طرف ڈکیتی کی واردات کے دوران چھینا گیا موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا ۔پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کروا دی اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ چاروں ہلاک ملزمان چند روز قبل 9 ایم آر کے علاقے میں ہونے والی گینگ ریپ کے ساتھ قتل کی واردات میں پولیس کو مطلوب تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے تمام سینئر افسران موقع پرپہنچ گئے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں