ڈپٹی کمشنر کو ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات پنجاب کے اختیارات منتقل کر دیئے گئے

بدھ 19 فروری 2020 16:00

ملتان ۔19فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) ڈپٹی کمشنرملتان عامر خٹک کو مختلف کاروباری سرگرمیوں کے اجازت نامے جاری کرنے کے حوالے سے ڈائریکٹر جنرل محکمہ ماحولیات پنجاب کے اختیارات منتقل کر دیئے گئے ہیں جس کے تحت ڈپٹی کمشنرکو رائس ملز،فلورملز،آئل ملز اور سٹون کرشنگ یونٹ لگانے کی اجازت دینے کے لیے این او سی جاری کرنے کا اختیار مل گیا ہے ،گورنر پنجاب نے اس حوالے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

ان نئے اختیارات کے ذریعے ڈپٹی کمشنرکوایک کروڑ روپے تک کی لاگت سے قائم ہونے والی کاٹیج انڈسٹری کی اجازت دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔ وہ دریائی ریت، بجری، مٹی، چونا، سلفر سمیت 10 کروڑ روپے مالیت تک کی معدنیات کی کھدائی کے لیے لائسنس جاری کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

تھری سٹار سے کم کیٹیگریز کے ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے قیام کے لیے اجازت نامے بھی دے سکیں گے۔

انہیں میرج ہالز اور ایونٹ سنٹرز کے قیام کے لیے این او سی جاری کرنے کا اختیار بھی مل گیا ہے،بیکریز اور مٹھائی بنانے کے یونٹ لگانے کی اجازت دینے کی پاور بھی انہیں تفویض کی گئی ہے،8 کنال رقبہ پر مشتمل سی کلاس بس اور ویگن سٹینڈ کی منظوری دینے کا اختیار بھی انہیں حاصل ہوگا۔سیمنٹ کے بلاک بنانے کی مینو فیکچرنگ فیکٹریز لگانے اور لینڈ سب ڈویژن کی منظوری دینے کے اختیارات بھی دے دیئے گئے ہیں۔اختیارات ضلعی سطح پر منتقل کرنے کا مقصد کاروباری طریقہ کو سہل بنانا اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانا ہے۔ یاد رہے کہ پہلے یہ اختیارات ڈائریکٹر جنرل انوائرمینٹل پروٹیکشن ایجنسی پنجاب کو حاصل تھے۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں