29فروری کو امریکہ طالبان معاہدے کے بعد انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا، وزیرخارجہ

بعض قوتیں افغانستان میں امن اور معاہدے میں رخنہ ڈالنا چاہتی ہیں،ہم نے کشمیرکا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کردیا ہے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی میڈیا سے بات چیت

اتوار 23 فروری 2020 19:50

29فروری کو امریکہ طالبان معاہدے کے بعد انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا، وزیرخارجہ
ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت نے 55سال سے سرد خانے میں پڑے مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل تک پہنچایا ہے۔ آج پاکستان کے اقدامات پر مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر زیر بحث ہے۔ آج انٹر نیشنل میڈیا، انسانی حقوق کی تمام تنظیمیں اوردنیا بھر کی پارلیمنٹ بھارت کے کشمیر میں مظالم پر آواز اٹھا رہی ہیں۔

دنیا کے مفادات بھارت کے ساتھ وابستہ ہیں، اس لیے دنیا کے اقدامات میں سستی ہے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے واپس چلے گئے ہیں۔ملتان میںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اورتمام قیادت نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا اورسیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر پر اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

جنیوا میں انسانی حقوق کی کانفرنس پر پاکستان کی وزیر انسانی حقوق مقبوضہ کشمیر کی آواز بنیں گی۔ انہوں نے کہا کچھ طاقتیں خطے میں امن نہیں چاہتیں ۔وہ طاقتیں امریکہ اور طالبان امن معاہدے کی راہ میں رخنا ڈالنا چاہتی ہیں۔وہ طاقتیں چاہتی ہیں کہ افغان امریکہ امن معاہدہ نہ ہو ،وہ چاہتے ہیں کہ بم دھماکے خون ریزی ہوتی رہے۔ہم نے ان سپوائلرز کے بارے میں امریکہ کو آگاہ کیا ہے کہ ان سے ہمیں بچنا ہے۔

ڈیڑھ سال تک پاکستان ماحول بنانے کی کوشش کرتا رہا اور دنیا کو قائل کیا کہ افغانستان مسئلہ کا حل بات چیت سے ہو گا۔طالبان امریکہ مذاکرات کی کئی نشستیں ہوئیں پاکستان نے ان میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ ہم نے دنیا کو افغانستان میں امن کا حل سیاسی عمل میں دیا اورپاکستان نے دیانتداری اور نیک نیتی سے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ افغانستان میں امن ہو گا تو تجارت بڑھے کی۔

افغان امن کے بعد وہاں سرمایہ کاری ہوگی جس کا مثبت اثر پاکستان پر بھی پڑے گا۔29 تاریخ کو دوحہ میں امریکہ اور طالبان افغانستان کے مسئلے پر سر جوڑ کر بیٹھیں گے۔ امریکہ افغان مذاکرات کی کامیابی کے بعد انٹرا افغان مذاکرات کا آغاز کیا جائے گا۔امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا مجھے امید ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ دورہ بھارت میں کشمیر میں مظالم اور سیٹیزن شپ بل پر بھی گفتگو کریں گے۔

امید ہے کہ ٹرمپ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔بلاول کی جانب سے حکومت کے خاتمے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا یہ بات بلاول کی ذاتی رائے ہے۔ حکومت گرانے کی ڈیڈ لائن دینے والے اپنے گریبان میں جھانکیں۔سندھ میں ایک عشرے سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے ۔ سندھ میںکیا حالات ہیں،پنجاب سے میڈیا جائے اوراندرون سندھ میں حالات دیکھے، سندھ حکومت کی گورننس دیکھے ۔

پنجاب میں 30سال سے ن لیگ کی حکومت تھی۔ن لیگ نے کیا اپنے دور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہا دیں ۔کیا ن لیگ کے دور میں پنجاب کے سارے مسائل حل ہوگئے تھے۔ تحریک انصاف اپنا ٹینیور پورا کرے گی ۔جمہوری اداروں کی ذمہ داری ہے کہ منتخب حکومت کو مقرہ وقت پورا کرنے دینا چاہیئے۔ہمارا ٹرم پورا ہوگا اور معیشت مستحکم ہو گی۔ انہوں نے کہا ہندوستان کو ناکامی ہوئی وہ پاکستان کو بلیک لسٹ کروانا چاہتا تھا لیکن نہیں کرا سکا۔

پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی خواہش رکھنے والا بھارت فرانس اجلاس میں نہیں تھا۔ایف اے ٹی ایف اجلاس میںبھارت کے سوا تمام فریقین نے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ 4 ماہ کی مزید کوششوں کے بعد ہم پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال لیں گے۔انہوں نے کہا اللہ کی رحمت ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ۔پاکستان نے بروقت کرونا وائرس کے خلاف موثر اقدامات کیے ۔

پاکستان نے چین کے ساتھ کرونا کے حوالے سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ حال ہی میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کی چین کے صدر سے بات ہوئی ہے جس میں چین نے اعلان کیا ہے کہ چین میں پاکستانی افراد کی اپنے بچوں کی طرح حفاظت کی جائے گی۔پاکستان پوری کوشش کر رہا ہے پاکستانی بچے چین میں محفوظ رہیں ۔ ایران میں کرونا کے کیسز پر تشویش ہے، وزارت مذہبی امور اس سلسلے میں ایرانی حکومت سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ کچھ دنوں میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔وزیر اعظم نے اس بحران پر انکوائری کمیٹی بنائی ہے۔جو جلد ہی ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔ اس مسئلے کے حل کے لئے 15 ارب کی گرانٹ یوٹیلیٹی سٹورز پر دی گئی ہے۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ آٹے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی انکوائری تک یوٹیلیٹی سٹورز سے عوام کو ریلیف دیں۔

حکومت نے گندم کی درآمد پر پابندی ہٹا کر، چینی کی برآمد پر پابندی لگا دی ہے۔جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔انشاء اللہ آئندہ چند دنوں میں قیمتیں کم ہونگی۔ انہوں نے کہا حکومت معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ پی ایس ایل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کرکٹ جو پاکستان سے جا چکی تھی آج واپس آ چکی ہے ۔

دنیا کا آج پاکستان پر اعتماد بحال ہو چکا ہے۔ بہت سے ملکوں نے پاکستان کو محفوظ قرار دیا ہے۔ پی ایس ایل کا پاکستان میں آنا دنیا کا پاکستان پر اعتماد کا مظہر ہے۔ کل جو پاکستان کے لیے ٹیررایزم کی بات کرتے تھے آج ٹورایزم کی بات کرتے ہیں۔یہ ہماری بہت بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا وزیراعظم پاکستان نے لیہ سے احساس پرو گرام کا افتتاح کیا ہے اور جلد ہی احساس پروگرام کی جامع پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔

حکومت نے احساس کا جامع پروگرام مرتب کیا ہے تاکہ غربت کے خط سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو سہولت دے سکیں۔ معاشرے کا ایک طبقہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو کر اپنے گھر کا چولہا جلا سکے۔ انہوں نے کہا 26فروری کو بھارت کا پاکستان پر حملے کو ایک سال مکمل ہو جائے گا۔ ہم آج بھی پاکستان کے سلامتی اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 26فروری کو وزیر اعظم قوم سے خطاب کریں گے ان ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔اس موقع پر صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی‘ چیئرمین ایم ڈی اے میاں جمیل ‘ رانا عبدالجبار ‘ قربان فاطمہ ‘ شیخ طاہر اور دیگر شخصیات اس موقع پر موجود تھیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں