دو لاکھ ایکڑ کیلئے کپاس کا تصدیق شدہ بیج ایک ہزار روپے فی ایکڑ کی رعایتی قیمت پر فراہم کیا جارہا ہے، واصف خورشید

اتوار 5 اپریل 2020 15:45

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2020ء) سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے پیش نظر پوری دنیا میں لاک ڈاؤن جاری ہے، ان حالات میں زرعی اجناس کی وافر مقدار میں پیداوار اور ملک و قوم کیلئے فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ترجمان محکمہ زراعت ملتان نوید عصمت کاہلوں کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سیکرٹری زراعت پنجاب نے فیلڈ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ مشکل کی اس گھڑی میں کاشتکاروں کی خدمت اور رہنمائی کے نصب العین پر قائم رہنا ہے اور حفاظتی تدابیر اپنا کر کاشتکاروں کی رہنمائی و دیگر فیلڈ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ میں اس وقت گندم کی کٹائی، گہائی اور سنبھال کا اہم مرحلہ شروع ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

کپاس اور چاول سمیت خریف کی دیگر فصلوں کی بوائی اور آم کے باغات کی نگہداشت جیسے اہم امور کی انجام دہی کے سلسلہ میں مرتب کردہ حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی موجودہ وبائی صورتحال کے پیش نظر پوری دنیا کی معیشت کا پہیہ جام ہوچکا ہے۔

موجودہ حالات میں ایس او پیز کے مطابق حفاظتی تدابیر اپناتے ہوئے کاشتکاروں و دیگر سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے زرعی معیشت میں بہتری لانے کیلئے متعدد عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ عوام الناس کی سہولت کیلئے غلہ، سبزی و فروٹ منڈیوں میں روزانہ کی بنیاد پر ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کے مطابق پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی دستیابی اور قیمتوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

سیکرٹری زراعت نے کہا کہ کپاس کی اہم فصل کی بوائی کے ہدف کے حصول کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون حاصل ہے۔ دو لاکھ ایکڑ کیلئے کپاس کا تصدیق شدہ بیج ایک ہزار روپے فی ایکڑ کی رعایتی قیمت پر فراہم کیا جارہا ہے۔ پی بی روپس اور کھادوں پر بھی سبسڈی دی جارہی ہے۔واصف خورشیدنے مزید کہا کہ مارکیٹوں میں زرعی مداخل کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں ٹڈی دل کے مکمل تدارک تک سرولینس، مانیٹرنگ اور آپریشنل سرگرمیاں جاری رہیں گی۔ محکمہ زراعت گزشتہ کئی مہینوں سے ٹڈی دل کے تدارک کیلئے شب و روز ایک کیے ہوئے ہیں جس کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں