مہنگائی پرقابوپانے کے لئے ملتان ڈویڑن میں 16سہولت بازارقائم

اتوار 18 اکتوبر 2020 14:25

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2020ء) : وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے حکم پر انتظامیہ عوام کیلئے سہولت بازار لگانے بارے متحرک ہوگئی۔اس بارے بات کرتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویڑن جاوید اختر محمود نے بتایا کہ ڈویڑن میں 16 سہولت بازار قائم کئے گئے ہیں۔ضلع ملتان میں مدنی پارک،شمش آباد،ممتاز آباد، فیلڈ آفس نمبر8 نواب پور، خان بیلہ روڈ نزد پولیس اسٹیشن صدر جلال پور پیروالہ، شجاع آباد نزد اولڈ کچہری میں ٹوٹل 6 سہولت بازار لگائے گئے ہیں۔

ضلع وہاڑی میں کلب روڈ وہاڑی، کالج روڈ نزد میونسپل کارپوریشن دفتر بورے والہ، میونسپل کمیٹی لان میں سہولت بازار لگائے گئے ہیں۔ضلع خانیوال میں قلی بازار خانیوال، چوک ٹاون ہال کبیروالہ، نزد ٹی ایچ کیو ہسپتال میاں چنوں ،اللہ داد بازار جہانیاں میں سہولت بازار لگائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع لودھراں میں عقب چلڈرن پارک لودھراں، نزد کاظمی چوک دنیا پور، نزد چوک بخاری سرکلر روڈ کہروڑپکا سہولت بازار لگائے گئے ہیں۔

سہولت بازار میں شہریوں کو اشیاخوردونوش رعایتی نرخوں اور وافر مقدار میں دستیاب ہونگی۔ اشیاخوردونوش کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔کمشنر ملتان جاوید اختر محمود نے سہولت بازاروں میں کرونا ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کروانے کا بھی حکم دیا۔انہوں نے اوپن مارکیٹ میں گراں فروش مافیا کی سرکوبی کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریس کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم ہے۔

ڈپٹی کمشنرز اشیا خوردونوش کی قلت میں ملوث کمیشن مافیا کو جیل بھجوائیں۔ ضلعی افسران بازاروں میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کریں۔ تاجروں کیساتھ طے شدہ ریٹ پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ضلعی افسران منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو بھی مانیٹر کریں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں