اپوزیشن کو کورونا وائرس کی شدت کا احساس کرنا چاہیئے‘حکومت اپوزیشن کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں‘ ریلیوں اور جلسوں سے حکومتوں کو گرایا نہیں جا سکتا‘وزیر خارجہ

اتوار 22 نومبر 2020 02:10

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2020ء) : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو کورونا وائرس کی شدت کا احساس کرنا چاہیئے‘ اپوزیشن سیاسی فوائد کے لیے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالے‘ حکومت اپوزیشن کے جلسوں سے خوفزدہ نہیں‘ ریلیوں اور جلسوں سے حکومتوں کو گرایا نہیں جا سکتا۔ اپنے حلقے کے دورے کے دوران مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت انسانی جانوں کے بارے میں بہت زیادہ فکرمند ہے کیونکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر دن بدن بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عدالت کی ہدایت کے بعد اپوزیشن کے پاس عوامی جلسے کرنے کا کوئی قانونی یا اخلاقی جواز موجود نہیں ہے اور وہ ذاتی مفادات کیلئے سیاست کر رہے ہیں اور وہ ملک میں بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کی موجودگی میں اپوزیشن کا جلسہ کرنا غیرجمہوری اور غیرذمہ دارانہ رویے کا عکاس ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل کرنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انسانی زندگیوں کو محفوظ رکھنے کیلئے پوری کوشش کر رہی ہے کیونکہ کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ذمہ دارانہ کردار ادا نہیں کر رہی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے جبکہ کچھ طاقتیں اس کی تکمیل نہیں چاہتیں‘ ہمارا اور پورے خطے کا مستقبل اس میگا پروجیکٹ سے منسلک ہے‘ حکومت اس منصوبے کو مکمل کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین اس میگا پروجیکٹ کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے‘ پاکستان اور چین دونوں ملکر اس منصوبے کی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے ساڑھے چار سال تک وزیر خارجہ کا تقرر نہ کیا جس سے ملک کو بہت بڑا نقصان پہنچا‘ مسلم لیگ (ن) حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خارجہ پالیسی کی اہمیت کو سمجھتے ہیں‘ وزیراعظم کی جانب سے خارجہ امور پر توجہ کے باعث پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اعلی اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ افغانستان بہت کامیاب رہا‘ پاکستان افغانستان سمیت پورے خطے میں امن اور استحکام کیلئے پوری کوشش کر رہا ہے‘ افغان امن عمل اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں دوحہ میں بھی بات چیت جاری ہے۔ شاہ محمود قریشی نے حلقے میں مصروف ترین دن گزارا اور ان لوگوں سے اظہار تعزیت کیا جن کے عزیز واقارب وفات پا چکے ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں