سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے موسیٰ گیلانی کو گرفتار

عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی‘ حیدر گیلانی سمیت پی ڈی ایم کے دیگر راہنماﺅں کے خلاف مقدمہ درج

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 نومبر 2020 22:09

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے موسیٰ گیلانی کو گرفتار
ملتان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 نومبر ۔2020ء) ملتان میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کی تیاریوں کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنماﺅں سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے موسیٰ گیلانی کو گرفتار کرلیا گیا. گیلانی ہاﺅس کے ترجمان ضیغم گیلانی کا کہنا تھا کہ علی موسیٰ گیلانی احتجاج کے لیے تھانہ چہلیک پہنچے تھے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا پیپلز پارٹی کی جانب سے 4 کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی تھی جس میں موسیٰ گیلانی بھی موجود تھے.

(جاری ہے)

علی موسیٰ گیلانی اور دیگر مظاہرین تھانہ چہلیک کے باہر موجود تھے اور مطالبہ کررہے تھے گرفتار کارکنوں کو فی الفور رہا کیا جائے علی موسی گیلانی نے کہا کہ پولیس انتظامیہ کے حکم پر انتقامی کارروائی کر رہی ہے، جس کے بعد پولیس نے انہیں بھی گرفتار کرلیا ملتان کے تھانہ چہلیک کے باہر موجود پی پی پی کے کارکنوں نے احتجاج جاری رکھا اور پولیس سے علی موسی گیلانی کی رہائی کا مطالبہ کیا.

کارکنوں نے ٹائر جلا کر تھانہ چہلیک کے سامنے روڈ بند کر دیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس سے قبل سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحب زادوں عبدالقادر گیلانی، علی موسیٰ گیلانی اور رکن صوبائی اسمبلی حیدر گیلانی سمیت دیگر راہنماﺅں کے خلاف تھانہ چہلیک میں مقدمہ درج کیا گیا تھا پولیس کی جانب سے سیاسی راہنماﺅں کے خلاف مقدمہ ریلی نکالنے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا.

پولیس نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں اور مسلم لیگ (ن) راہنماﺅں کے خلاف ایک اور مقدمہ تھانہ لوہاری گیٹ ملتان میں بھی درج کیا سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے عبدالقادر گیلانی، جاوید صدیقی، شیخ طارق رشید اور عبد الوحید آرائیں سمیت 30 افراد کے خلاف ملتان اسٹیڈیم قلعہ کہنہ قاسم باغ میں کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے اسٹیڈیم کا تالا توڑنے اور سنگل چوری کر کے لے جانے کا الزام عائد کیا گیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا.

پولیس نے کہا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے غیر قانونی طور پر اسٹیڈیم کا تالا توڑ کر اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کی اور اسٹیڈیم کے سرکاری عملے کے ساتھ مزاحمت کرتے ہوئے فرار ہو گئے. ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم راہنماﺅں کے خلاف مقدمہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں زبردستی داخل ہونے پر درج کیا گیا ہے خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی بڑھتی لہر اور انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ دینے کے باوجود اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے 22 نومبر کو پشاور میں اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا تھا اس کے بعد اپوزیشن اتحاد 26 نومبر کو لاڑکانہ اور 30 نومبر کو ملتان میں جلسہ کرنے کا اعلان کرچکا ہے.

22 نومبر کو ہونے والا پشاور کا جلسہ حکومت مخالف پی ڈی ایم کا چوتھا سیاسی پاور شو تھا، اس سے قبل اپوزیشن اتحاد نے اپنے جلسوں کا باقاعدہ آغاز 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ سے کیا تھا، جس کے بعد 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ کیا گیا تھا جبکہ 25 اکتوبر کو پی ڈی ایم نے کوئٹہ میں سیاسی طاقت دکھائی تھی.

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں