ڈپٹی کمشنر ملتان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسہ کی درخواست مسترد کر دی

کورونا وائرس کے باعث حکومت پنجاب نے عوامی اجتماعات پر پابندی لگا رکھی ہے پی ڈی ایم کا جلسہ کورونا وائرس کیسز میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے. ڈی سی ملتان عامر خٹک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 26 نومبر 2020 17:18

ڈپٹی کمشنر ملتان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسہ کی درخواست مسترد کر دی
ملتان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 نومبر ۔2020ء) ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے 30 نومبر کو ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) جلسہ کی درخواست مسترد کر دی ہے ڈپٹی کمشنر ملتان نے کہاہے کہ کورونا وائرس کے باعث حکومت پنجاب نے عوامی اجتماعات پر پابندی لگا رکھی ہے پی ڈی ایم کا جلسہ کورونا وائرس کیسز میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے.

(جاری ہے)

قبل ازیں رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسوں اور احتجاج کو روکنے کے لیے رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے جبکہ کورونا اور دیگر بہانوں کا ڈرامہ کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی نائب صدر پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت کسی کے جنازے پر سیاست نہیں بلکہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے.

مسلم لیگ( ن) پنجاب کے صدر رانا ثنااللہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کا کورونا مثبت آیا کیا حکومت کے پاس ان لوگوں کا ڈیٹا ہے جو جلسوں میں متاثر ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت پروپیگنڈا کر رہی ہے جس کے دعوﺅں میں کوئی صداقت نہیں حکومت کو کورونا کے معاملے میں حزب اختلاف سے مشاورت کرنی چاہیے. مسلم لیگ( ن)کے راہنماءنے کہا کہ سیاست کو دشمنی میں لے جائیں تو اخلاقیات ختم ہو جاتی ہیں ہمارا مطالبہ ہے کہ شہباز شریف کو دو ہفتوں کا پیرول دیا جائے شہباز شریف قائد حزب اختلاف ہیں اور پورے ملک سے لوگوں نے تعزیت کے لیے آنا ہے.

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ویڈیو لنک کے ذریعے جلسے میں شرکت کریں گے اور ہماری دعا ہے اللہ تعالیٰ بلاول بھٹو کو جلد صحت یاب کرے واضح رہے کہ اپنے ٹوئٹرپیغام میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بتایا تھا کہ ان کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ‘انہوں نے بتایا کہ میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور مجھے معمولی علامات ہیں جس پر میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے.

بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ میں گھر سے کام کا سلسلہ جاری رکھوں گا اور پی پی پی کے یوم تاسیس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کروں گا انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لوگوں کو ماسک پہننے کی تلقین بھی کی اور کہا کہ میں آپ کا منتظر ہوں گا . بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ ایک ایسے وقت میں مثبت آیا جب ایک روز بعد یعنی 27 نومبر کو ان کی بہن بختاور بھٹو زرداری کی منگنی ہونے جارہی ہے بلاول ہاﺅس میں ہونے والی اس منگنی کی تقریب کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور اس تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے مہمانوں کے لیے پہلے کورونا ٹیسٹ لازمی ہے اور صرف انہیں افراد کو اس تقریب میں شرکت کی اجازت ہوگی جن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہوگا.

ایسی بھی اطلاعات تھیں کہ 2 روز قبل بلاول بھٹو زرداری کے مشیر جمیل سومرو کورونا کا شکار ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا تھا خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور اس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی آرہی ہے جبکہ اس سلسلے میں ملک میں نہ صرف تعلیمی اداروں کو ایک مرتبہ پھر بند کیا گیا ہے بلکہ صوبائی حکومتوں نے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاﺅن کی پالیسی اپناتے ہوئے مختلف پابندیاں عائد کی گئی ہیں.

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں