اپوزیشن جتنا مرضی شو ر مچا لے لٹیروں کو لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا پڑے گا، حکومت پی ڈی ایم کے ناکام جلسوں سے خوف زدہ نہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

جمعہ 4 دسمبر 2020 21:16

اپوزیشن جتنا مرضی شو ر مچا لے لٹیروں کو لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا پڑے گا، حکومت پی ڈی ایم کے ناکام جلسوں سے خوف زدہ نہیں،  وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
ملتان۔4دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2020ء) :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جتنا مرضی شو ر مچا لے لٹیروں کو لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا پڑے گا۔ این آر او کسی صورت نہیں ملے گا۔ حکومت پی ڈی ایم کے ناکام جلسوں سے خوف زدہ نہیں۔ ہم عوام کی زندگیا ںمحفوظ کرنا چاہتے ہیں موجودہ حالات میں سیاسی جلسوں سمیت کوئی بھی بڑا اجتماع کورونا کے پھیلائو کے لئے خطرناک ہوگا ۔

اپوزیشن کا کورونا کو سنجیدہ نہ لینا شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے کورونا کے معاملے پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہئے۔اپوزیشن جماعتیں جلسوں کی پالیسی پر نظرثانی کریں۔جب کورونا ختم ہوجائیگا تو جتنے مر ضی جلسے کر لیں ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا مگر خدا کےلئے آجکل جلسوں سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

وہ سیاسی نہیں قومی مفادات کو تر جیح دیں ورنہ ملک میں کورونا کے پھیلاﺅکی ذمہ دار اپوزیشن بھی ہوگی۔

حکومت کی کوشش ہے کہ صنعتوں کاپہیہ چلتا رہے ۔ غریب کے گھر دیا بھی جلتا رہے اور کرونا سے بھی بچا جائے۔ ماضی میں کرونا کی کی پہلی لہر عوام کی جانب سے ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے سے کنٹرول کرنے میں کامیابی ملی ہے۔اور اس کو پوری دنیا سراہا رہی ہے۔ انشاءاللہ اس دفعہ بھی کرونا کو شکست دیں گے۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی ملتان شہر کے سیکرٹری جنرل سید بابر شاہ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔

سیکرٹری انفارمیشن شہباز قریشی‘ پی ٹی آئی رہنما رضوان عابد تھہیم سمیت دیگر افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کی ترقی کا سفر شروع ہو چکا ہے۔ جلد ہی اس کے ثمرات عوام کے سامنے آئیں گے۔ جنوبی پنجاب میں سیکرٹریٹ کا قیام جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ افسران کے دفاتر قائم ہو رہے ہیں۔ جلد ہی با اختیار افسران کے ساتھ سیکرٹریٹ کام شروع کرے گا۔

اور ملتان کی عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے لاہور کا چکر نہیں لگانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا ماضی میں اس خطے کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا۔ یہاں کے وسائل اور ترقیاتی منصوبے دوسرے اضلاع منتقل کئے گئے اب ایسا نہیں ہوگا۔ یہاں کے فنڈز اور ترقیاتی منصوبے یہاں پر ہی مکمل ہونگے ۔ جنوبی پنجاب کو مثالی خطہ بنائیں گے ۔ ملاقات کے دوران و زیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی تنظیمی امور پر گفتگو کی گئی ۔این اے 156 اوراین اے 157 کی قومی و صوبائی حلقہ پی پی 213 پی پی 217 پی پی 216 پی پی 215 کی صوبائی و یونین کونسل سطح پر تنظیم سازی کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور ملتان شہر کے جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بات چیت کی گئی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں