پسند کی شادی کرنے پر مخالفین نے لڑکے کے رشتے دار کو جلا دیا

ملزمان نے بجلی کے تار، ڈنڈوں، اینٹوں اور لاتوں سے نوجوان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر پاؤں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 اگست 2021 11:44

پسند کی شادی کرنے پر مخالفین نے لڑکے کے رشتے دار کو جلا دیا
ملتان (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 اگست 2021ء) : پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے علاقہ ظاہر پیر میں پسند کی شادی کرنے پر لڑکے کے رشتے دار کو تشدد کا نشانہ بنا کر جلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے شہر ظاہرپیر میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو جرگے نے جرمانہ ادا کرنے کی سزا سنائی، جس کی ادائیگی کے باوجود لڑکے کے رشتے دار کو لڑکی والوں نے انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد آگ بھی لگا دی۔

ظاہر پیر کے علاقے آباد پور میں مخالفین نے لڑکے اور اُس کے رشتہ دار کو تشددکا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے متاثرہ افراد کی ویڈیو بنا کر اسے انٹرنیٹ پر شیئربھی کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزمان نے بجلی کے تار، ڈنڈوں، اینٹوں اور لاتوں سے نوجوان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر پاؤں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 8 ماہ قبل متاثرہ شخص کے رشتہ دار نے پسند کی شادی کی ، فریقین نےجرگہ کرکےجرمانہ لےکر صلح کرلی تھی، لڑکی کے ورثا نے پرانی رنجش پرحملہ کرکےلڑکے کے رشتہ دارپر تشدد کیا۔

پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان کے کئی علاقوں میں آج بھی پسند کی شادی کو معیوب سمجھا جاتا ہے۔ دو ماہ قبل علی پور کی حدود فتح پور جنوبی میں بااثر افراد نے پسند کی شادی کا بدلہ لینے کے لیے لڑکی والوں نے لڑکے کی والدہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا میڈیا رپورٹ کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل تھانہ صدر علی پور کی حدود فتح پور جنوبی میں با اثر افراد نے 50 سالہ خاتون زرینہ کو اغواء کرکے زیادتی کی کوشش کی اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔

ملزمان نے خاتون کو نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ نیم برہنہ کرکے سلگتی ہوئی سگریٹ سے اس کے جسم کو بھی داغتے رہے اور اسی حالت میں خاتون کو گھسیٹا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون زرینہ بی بی کے بیٹے ناصر نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی جس پر لڑکی والوں نے ناصر کی والدہ زرینہ اور والد اللہ بخش کو اغوا کیا اور اسے نامعلوم جگہ پر لے جا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زرینہ کے خاوند اللہ بخش کو ملزمان کی قید سے آزاد کروا لیا ۔ پولیس نے گھناؤنے فعل میں ملوث تین ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا ہے جب کہ متاثرہ خاتون کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی ایسا ہی ایک گھناؤنا جُرم رپورٹ ہوا تھا جہاں بہن کی پسند کی شادی کا بدلہ لینے کے لیے بھائی نے بہنوئی کی بہن کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ پولیس نے بعد ازاں ملزم کو گرفتار بھی کر لیا تھا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں