حالات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں

جنوبی پنجاب کا مستقل حل سرائیکی صوبہ ہے،سرائیکی شاعر کے علاج کے لیے جو کچھ ہو سکا کروں گا۔پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی شاکر شجاع آبادی کی عیادت کے موقع پر گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 28 اکتوبر 2021 16:29

حالات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین -28اکتوبر2021ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نشتر اسپتال آمد ہوئی۔انہوں نے سرائیکی شاعر شاکر شجاع آباد کی عیادت کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کوئی سیاسی بات نہیں کروں گا اور نہ ہی سیاسی سوال کا جواب دوں گا۔سرائیکی شاعر کے علاج کے لیے جو کچھ ہو سکا کروں گا۔گذشتہ حکومتوں نے سرائیکی صوبے کے لیے کچھ نہیں کیا۔

جنوبی پنجاب کا مستقل حل سرائیکی صوبہ ہے۔ سرائیکی صوبے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ حالات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ روز معروف سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کو سائیکل پر اسپتال لے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔شاکر شجاع آبادی کے بیٹے کا والد کو موٹرسائیکل پر اسپتال لے جانے کے حوالے سے کہنا تھا کہ والد کی حالت خراب ہونے پر حکیم کے پاس لے کر گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اتنی آمدنی نہیں کہ والد کو ٹیکسی پر اسپتال لے جائیں۔شاعر کے بیٹے نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی کاغذات میں ہمیں وظیفہ دیا جاتا ہے مگر ملتا نہیں۔
۔مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعدشاکر شجاع آبادی کے بیٹے ولید نے تصدیق کی کہ مذکورہ ویڈیو ایک روز پرانی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چوں کہ ان کے پاس اور کوئی سواری نہیں تھی اور نہ ہی ان کے پاس کار یا ٹیکسی کے کرائے جتنے پیسے تھے، اس لیے ان کے والد کو پٹھوں میں تکلیف کی شکایت کے بعد علاج کے لیے موٹر سائیکل پر لے جایا گیا۔

ولید شاکر شجاع آبادی نے بتایا کہ ایسا نہیں ہے کہ پہلی مرتبہ ان کے والد کو مذکورہ حالت میں لے جایا گیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی انہیں علاج کے لیے ایسے ہی لے جایا جاتا رہا ہے، کیوں کہ ان کے پاس دوسری سواری نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تصدیق کی کہ ان کے والد کو کوئی بڑی بیماری یا موذی مرض نہیں ہے بلکہ انہیں پیدائشی پٹھوں کی سوجن اور درد کی شکایت ہے اور زائد العمری کی وجہ سے ان کی تکلیف میں اضافہ ہوگیا ہے۔

ولید شاکر شجاع آبادی کے مطابق ان کے والد کے پٹھے پیدائش کے فوری بعد ہی ابنارمل ہوگئے تھے اور بڑھتی عمر کے ساتھ ان میں مزید مسائل پیدا ہوگئے لیکن اب زائد العمری کی وجہ سے ان کی تکلیف بڑھ چکی ہے۔ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے محمد شفیع شاکر شجاع آبادی سرائیکی زبان کے بڑے شاعرہیں۔شاکرشجاع آبادی کی سرائیکی ادب کے فروغ کے حوالے سے خدمات لائق تحسین ہیں ۔شاکر شجاع آبادی جیسے شاعر قومی اثاثہ ہیں۔محمد شفیع شاکر شجاع آبادی کا تعلق بستی خیر آبادمحلہ غریب آبادراجہ رام تحصیل شجاع آباد ضلع ملتان سے ہے ۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں