ملتان ، محکمہ زراعت پنجاب کے ملازمین ڈویڑنل و ضلعی دفاتر میں بارانِ رحمت کے لئے (کل )نماز استسقاء ادا کریں گے

جمعرات 2 دسمبر 2021 22:10

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق ربیع2021-22 میں فصلات کے پیداواری اہداف حاصل کرنے کے لئے محکمہ زراعت پنجاب نے ایک جامع مہم کا آغاز کیا ہوا ہے۔ اس ضمن میں گندم کے 2 کروڑ20 لاکھ میٹرک ٹن کے پیداواری ہدف کے حصول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔صوبہ بھر میں گندم کی اپنے ہدف کے مطابق90 فیصد بوائی کا عمل ماہ نومبر میں مکمل ہو چکا ہے۔

اس کے علاوہ چنے کی فصل کی بوائی بھی تقریباً مکمل ہو چکی ہے لیکن زراعت کے شعبہ میں اہداف کے حصول کے لئے کسان دوست پالیسیاں اورکاشتکاروں کی محنت ضروری ہے لیکن صلہ تب ملتا ہے جب اللہ کی رحمت شامل حال ہوتی ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ امسال صوبہ پنجاب میں فصلات ِ ربیع کے لئے 28 فیصد پانی کی کمی اور بارشیں بھی نہیں ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

بارشوں کے نہ ہونے کے سبب جہاں ایک طرف سموگ کا سامنا ہے تو دوسری طرف فصلات ِ ربیع کے پیداواری اہداف کے حصول میں مشکل درپیش ہے۔اس لئے اس صورتحال میں ڈائریکٹر جنرل زراعت(توسیع) ڈاکٹر انجم علی کی ہدایت پر کل دن کے 11 بجے محکمہ زراعت کے ڈویڑنل و ضلعی دفاتر میں ملازمین نمازِ استسقاء ادا کریں گے تاکہ اللہ پاک اپنی نظرِ رحمت فرمائے اور بارش ہو جائے جس سے نہ صرف خشک سردی اور سموگ کا خاتمہ ہو سکے گابلکہ گندم سمیت دیگر اہم فصلات کے لئے پانی میسر آئے گاجو اس وقت پیداواری مراحل کے نازک دور سے گزر رہی ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں