عوام کو عمران خان سے دلی لگاؤ ہے، امپورٹڈ حکمرانوں کی نالائقی اورنا اہلیت کی بدولت نفرت پائی جاتی ہے،شاہ محمودقریشی

موجودہ حکومت نے عوام کو تکلیف پہنچائی ہے،بتایا جائے ان 10 ہفتوں میں حکومت نے عوام کو کیا ریلیف فراہم کیا ہے،20 کلو آٹاکاتھیلا 1900روپے میں دستیاب ہے،گھی ناپید ہے، بجلی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات آسمان کو چھو رہے ہیں، یوریا کھاد کا بحران ہے،کاشتکار پریشان ہے، سرکاری ملازم پریشان ہے، ہر شعبہ زندگی بے چین ہے، اس بے چینی میں عوام امپورٹڈ حکمرانوں کے گیت گائیں گی عمران خان پر عزم ہیں کہ ملک کو غربت اور بیرونی دباؤ سے نجات دلانا ہے،پر امن احتجاج ہمارا حق ہے۔ لیکن ہم نے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرنا ہے، یہ ملک ہمارا ہے۔ ہم نے سرکاری یا نجی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا اور نہ پہنچائیں گے،کبھی ہنگامہ نہیں کیا اور نہ کریں گے، ہم اپناموقف عوام کے سامنے پر امن طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں، عوام ہماری بات سننے کیلئے تیار ہیں ، سابق وزیر

اتوار 3 جولائی 2022 20:17

,ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام میں عمران خان کیلئے جوش ،جذبہ، جنون پایاجاتا ہے،عوام کو عمران خان سے دلی لگاؤ ہے، امپورٹڈ حکمرانوں کی نالائقی اورنا اہلیت کی بدولت ان کے خلاف نفرت پائی جاتی ہے،اس حکومت نے عوام کو تکلیف پہنچائی ہے،بتایا جائے ان 10 ہفتوں میں حکومت نے عوام کو کیا ریلیف فراہم کیا ہے،20 کلو آٹاکاتھیلا 1900روپے میں دستیاب ہے،گھی ناپید ہے، بجلی مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات آسمان کو چھو رہے ہیں، یوریا کھاد کا بحران ہے،کاشتکار پریشان ہے، سرکاری ملازم پریشان ہے، ہر شعبہ زندگی بے چین ہے، اس بے چینی میں عوام امپورٹڈ حکمرانوں کے گیت گائیں گی عمران خان پر عزم ہیں کہ ملک کو غربت اور بیرونی دباؤ سے نجات دلانا ہے،پر امن احتجاج ہمارا حق ہے۔

(جاری ہے)

لیکن ہم نے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج کرنا ہے، یہ ملک ہمارا ہے۔ ہم نے سرکاری یا نجی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا اور نہ پہنچائیں گے،کبھی ہنگامہ نہیں کیا اور نہ کریں گے، ہم اپناموقف عوام کے سامنے پر امن طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں، عوام ہماری بات سننے کیلئے تیار ہیں ،یہی وجہ تھی پریڈ گراؤنڈ راولپنڈی میں عمران خان کابیانیہ سننے کیلئے عوام کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی پی 217 کی مختلف یونین کونسلوں 46‘47‘52‘53 میں الیکشن مہم کے سلسلے میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا امپورٹڈ حکمران ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سازش کا حصہ بن کر اقتدار میں آئے۔ ان کا ایجنڈا کرپشن کے مقدمات سے نجات دلانا تھی۔ اوروہ کسی حد تک اپنے ایجنڈے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے کرپشن کے مقدمات سے بچنے کیلئے اپنی مرضی کی قانون سازی کی ہم اس قانون سازی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کررہے ہیں اور دوسری طرف عوام کو متحرک کررہے ہیں کہ عوام خبردار رہیں عوام کا ٹیکس اور خون پسینے کی کمائی لٹیروں کے جیبوں میں نہ جائے۔

ہم امپورٹڈ حکمرانوں سے قانونی‘ سیاسی‘ اخلاقی‘ میڈیا سمیت ہر میدان میں جنگ کریں گے۔ ہمیں پتہ ہے میڈیا پربہت دباؤ ہے۔ تحریک انصاف کی کوریج کو دبایا جاتا ہے۔ اس کے باوجود ہم ہمت نہیں ہار رہے۔ ہر میدان میں حکومت کا بھر پور مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا پنجاب میں 20 نشستوں کے ضمنی انتخابات کو پنجاب حکومت نے اپنی انا کا مسئلہ بنا رکھا ہے۔

اس حکومت سے کسی اچھائی کی توقع نہیں ہے۔ پنجاب بھر میں من پسند انتظامیہ تعینات کردی گئی ہے۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر صاحبان کو ٹارگٹ دیا گیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں 20کی 20 نشستیں چاہیں۔ انتظامی افسران سرکاری ملازم ہیں وہ مجبور ہیں۔ حکومتی احکامات پر وہ یونین کونسل سطح پر رابطے کرکے لیگی امیدوار کی حمایت کے لئے مجبورکررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ملتان کے ضمنی انتخاب میں ن لیگی امیدوار سرکاری دفاتر میں کارنر میٹنگ کررہا ہے۔

سینٹرل کاٹن ریسرچ کے اندر کارنر میٹنگ اور الیکشن کے دوران جاری ترقیاتی منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے اس کا ویڈیو کلپ میں نے الیکشن کمیشن کوفراہم کردیا ہے۔ جبکہ پی ٹی آئی امیدوار زین قریشی کی طرف سے مخالف امیدوار کی الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تحریری درخواست بھی الیکشن کمیشن کو پہنچ چکی ہے۔ امید ہے الیکشن کمیشن مخالف امیدوار کی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایکشن لے گا۔

انہوں نے کہا ملتان کے حالیہ ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے ٹکٹ پر حصہ لینے والا امیدوار 2018ئ کے انتخاب میں آزاد الیکشن لڑا اور جیتنے کے بعد وہ تحریک انصاف میں شامل ہوا۔ ملتان کا بچہ بچہ جانتا ہے اس کا سرپرست کون تھا۔ اس کو کس کی پشت پناہی حاصل تھی۔ اس کے جو سرپرست تھے اب وہ ن لیگ کے پردھان منتری ہیں۔ وہ ن لیگ کا حصہ ہیں اور ن لیگ کی زبان بولتے ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کو دھوکا دیا۔ پی ٹی آئی کی مخالفت کی۔ مخالفت تو برداشت کرسکتے ہیں پر منافقت نہیں۔ انہوں نے کہا ملتان کے عوام باشعور ہیں۔ عمران خان سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔ملتان کے باشعور عوام 17 جولائی کے دن عمران خان اور تحریک انصاف سے منافقت کرنے والے امیدوار کو عبرت ناک شکست سے نوازیں گے۔ اور عمران خان کا کہنا پورا ہوگا کہ ضمنی انتخاب میں ملک بھر کے عوام لوٹوں کا جو حشر کریں گے اس کے بعد مستقبل میں کوئی شخص اپنی پارٹی کے ساتھ بے وفائی اور منافقت کا نہیں سوچے گا۔

انہوں نے کہا ایک نظریہ اور بیانیہ لیکر عوام کی عدالت میں آئے ہیں یہ انتخاب دو افراد کا نہیں دو نظریوں کاہے۔ ایک بیانیہ سچ کا اور دوسرا بیانیہ جھوٹ کا ہے۔ چوروں کا ہے۔ لٹیروں کا ہے۔ ڈاکوؤں کاہے۔ لوٹوں کا ہے۔ منافقوں کا ہے۔ فیصلہ پی پی 217 کی باشعور عوام نے کرنا ہے۔ پاکستان کے مستقبل کے لئے لٹیروں‘ ڈاکوؤں اور منافقوں سے نجات کیلئے ملتان کی عوام کو بلے پر نشان لگاکر عمران خان کے ہاتھ مضبوط کرنا ہونگے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے امیدوار مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا امپورٹڈ حکومت اقتدار میں آکر غریب عوام کا خون چوس رہی ہے۔امپورٹڈ حکمرانوں کو عوام کا احساس نہیں۔ انکا ایک ہی نظریہ ہے اپنے خلاف درج مقدمات کو ختم کیا جائے اور وہ اسی ایجنڈے پرعمل پیرا ہیں۔ اس وقت پی ٹی آئی کی مقبولیت عروج پر ہے اور آنے والا وقت پی ٹی آئی کا ہے۔

عوام 17 جولائی کو بلے پر مہر لگا کر عمران خان کا ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہامیں اس عزم کے ساتھ نکلا ہوں کہ چیئرمین عمران خان کا پیغام ہر ووٹر تک پہنچا کر پی پی 217 میں پی ٹی آئی کی جیت یقینی بناؤں۔ میرے مخالفین جوچاہے کر لیں، پی پی 217کے باشعور ووٹرز نے اپنا ذہن بنا لیا ہے۔ انہوں نے عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔ اورانشائ ا للہ 17جولائی کو ملتان سمیت پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کوبھر پور کامیابی ملے گی۔

ملتا ن کی سیٹ جیت کر عمران خان کو تحفہ میں دیں گے۔ آنے والا وقت ثابت کرے گاملتان پہلے بھی پی ٹی آئی کا قلعہ تھا اور اب بھی پی ٹی آئی کاقلعہ ہے۔ اس موقع پر پی پی 222 سے سابقہ ٹکٹ ہولڈر شازیہ عباس کھاکھی‘ رانا عبدالجبار‘ سید قمر حسنین نقوی ودیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی اور مخدومزادہ زین حسین قریشی کی یونین کونسل 46 میں تنویر شاہ، رانا نوید کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔

انہوں نے یونین کونسل 51 میں ارشد کونسلر، حسین شاہ، جمیل شاہ کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے یونین کونسل 52 میں ڈاکٹر عدیل طارق کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔انہوں نے یونین کونسل 52 میں حاجی پروان ڈمرہ کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں بھی شرکت اور حلقے کے لوگوں سے خطاب کیا۔انہو ں نے یونین کونسل 53 میں ملک اقبال ملہی کی جانب سے منعقدہ کارنر میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقع پر خضر حیات بلوچ، ملک عثمان ظہور بھٹہ، شیخ طاہر، رانا افضل، شازیہ وحید‘ عروج بخاری سمیت پی ٹی آئی ورکرز کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں