اراضی تنازعے پر باپ نے اپنے تین بچوں سمیت 4 افراد کوموت کے گھاٹ اتاردیا، ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار

منگل 15 اکتوبر 2019 13:39

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2019ء) پولیس نے شجاع آباد کے علاقے بیگہ والی کھوئی میں فائرنگ کرکے اپنے بچوں کوقتل کرنے والے ملزم کوآلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔پیراور منگل کی درمیانی شب ملزم خدا بخش نے پولیس کے مطابق جوئے اور نشہ سے منع کرنے اور گھر سے نکالنے کی رنجش میں فائرنگ کے بیٹی ،بیٹے اور پوتے سمیت چارافراد کو قتل کردیاتھا۔

اہل علاقہ کے مطابق ملزم خدا بخش نے اراضی اورباغ کے تنازعے پر قتل کیے ہیں۔ملزم کے بعض رشتے داروں نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ملزم کا اپنی اولاد کے ساتھ زمین کا مقدمہ چل رہاتھا جس کی وجہ سے ان کے گھر میں جھگڑا رہتاتھا۔ملزم کے بیٹے اس کی غلط عادتوں کی وجہ سے اس سے دور ہوگئے تھے اور بعدازاں انہوں نے اسے گھر سے بھی نکال دیا۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ رات ملزم خدا بخش نے اسی رنجش میںچک آرایس جاکر پہلے اپنی بیٹی فوزیہ بی بی کو فائرنگ کرکے قتل جبکہ ایک شخص کوزخمی کردیا۔ بعدازاں اپنے گھربیگہ والی کھوئی گیا اور فائرنگ کرکے اپنے بیٹی27سالہ عمران ،ایک سالہ پوتے اور30سالہ نواز ولداحمد یار کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ سے خدابخش کا بیٹا 22سالہ رضوان اور35سالہ نسرین بی بی زوجہ عاشق زخمی ہوگئیں۔

پولیس ترجمان نے مزید کہاکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آرپی او ملتان وسیم احمدخان، ایس ایس پی آپریشن کاشف اسلم، ایس ایس پی انویسٹی گیشن رب نواز تلہ اور ایس پی صدرڈویژن رانا محمد اشرف فوری طورپر موقع پر پہنچے ۔آرپی او وسیم خان نے ملزم کی جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم خدا بخش کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔مرنے والوں کی لاشیں اورزخمیوں کو پہلے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال شجاع آباد اوربعدازاں نشترہسپتال ملتان منتقل کردیاگیا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں