ضلع ملتان کی یونین کونسلوں میں78 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے

منگل 20 اکتوبر 2020 13:58

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2020ء) : محکمہ لوکل گورنمنٹ کے تحت ضلع ملتان کی یونین کونسلوں میں78 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے،40 فیصد فنڈ ایم این اے اور60 فیصد فنڈ ایم پی اے کی تجویز کردہ ترقیاتی سکیموں پر خرچ ہو ں گے اس سلسلہ میں وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔

اس موقع پر معاون خصوصی جاویداخترانصاری،ملک احمد حسن ڈیہڑ ایم این اے،پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی،ممبران صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی،ملک سلیم لابر، سبین گل موجود تھے۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی یونین کونسلوں میں 42کروڑ 37لاکھ روپے خرچ ہونگے،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے کارپوریشن کی حدود میں 80 ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی کر دی ہے،تحصیل کونسل ملتان میں48 مختلف ترقیاتی سکیموں پر20 کروڑ روپے لاگت آئے گی،میونسپل کمیٹی شجاع آباد میں1کروڑ 62لاکھ روپے اور تحصیل کونسل شجاع آباد میں1کروڑ روپے خرچ ہو نگے،جلالپور پیروالا کی میونسپل کمیٹی میں 2 کروڑ 65لاکھ روپے اور تحصیل کونسل میں 2 کروڑ روپے صرف کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر ڈاکٹر اخترملک نے کہا کہ منصوبوںپرکام کے آغازکیلئے ٹینڈر جلد جاری کئے جائیں،دیہی علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا،تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہیں،تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جائیں،ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا کہ منصوبوں پر کام کی کوالٹی چیک کرنے کے مانیٹرنگ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی،کنٹریکٹرز کو ادائیگی مانیٹرنگ کمیٹی کی اپرول سے مشروط ہوگی،ترقیاتی کام ادھورا چھوڑنے اور ناقص میٹریل استعمال کرنیوالے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں