کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹر زکے ساتھ ساتھ نرسوں نے بھی جانیں دائو پر لگائیں،کلثوم رفیق

جمعرات 17 جون 2021 14:13

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2021ء) نرسنگ ایسوسی ایشن ملتان کی سابق صدرکلثوم رفیق نے کہا ہے کہ کورونا  وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹر زکے ساتھ ساتھ نرسوں نے بھی جانیں دائو پر لگائیں، مارچ 2020سے اب تک ضلع ملتان میں 80نرسیں وباکا شکارہوئیں جن میں سے  ایک مہرالنسا جان کی بازی ہارگئی جبکہ باقی 79نرسیں کورونا کو شکست دینے کے بعد دوبارہ طبی محاذ پر فرائض دے رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے پی پی سے بات چیت  کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

کلثوم رفیق نے بتایا کہ جہاں ڈاکٹرز کورونا  وائرس کے خلاف جنگ میں شہید اور متاثر ہوئے وہیں نرسز بھی اس جنگ میں شہید اور متاثرہوئیں لیکن ملتان میں کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کی وجہ سے بہت کم نقصان ہوا۔ انہوں نے کہاکہ نرسز نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ایمرجنسی میں کورونا کے مریضوں کی تیمارداری میں اپنا بھرپور کردارادا کیا اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ  خواتین نرسز نے اپنے بچوں اورخاندان سے دوری  رکھی لیکن اپنے فرائض سے کوتاہی نہیں کی، سلام ہے ان تمام نرسز کو جنہوں نے اپنے فرائض کو پورا کرنے کے لیے اپنی جان کی بھی پرواہ نہیں کی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں