مسلم لیگ ن جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے ، 25جولائی کو اگرعوام نے ن لیگ کو ووٹ دیا تووعدہ کرتاہوں کہ پاکستان کوترکی اورملائشیا بنادوں گا،شہبازشریف کا جلسہ سے خطاب

پیر 23 جولائی 2018 00:20

ملتان۔ 22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر وسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہاہے کہ مسلم لیگ ن جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑرہی ہے ۔یہاں ملتان میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ حنیف عباسی کے خلاف فیصلہ اپنی نوعیت کامنفرد فیصلہ ہے ۔حنیف عباسی 70ہزار ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہورہے تھے ۔

شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کئے ۔انہوںنے کہاکہ بل کلنٹن نے انہیں دھماکے روکنے کی پیشکش کی مگرانہوںنے ہرپیشکش اوردھمکی ٹھکرادی ۔انہوںنے کہاکہ مجھ پرایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت ہوجائے تومیں سیاست چھوڑدوں گا۔انہوںنے کہاکہ میرے خلاف کرپشن کاثبوت مل جائے توبیشک مجھے پھانسی چڑھادیں ۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن نے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جوکام کئے وہ سب کے سامنے ہیں، ہم نے ترقیاتی کاموں میں اربوں روپے بچائے ،میٹرو بس جس کوعمران خان جنگلہ بس کہتے تھے اب انہوںنے بھی الیکشن سے صرف ایک سال پہلے پشاور میں میٹروبس کامنصوبہ شروع کردیاہے مگربدقسمتی سے منصوبہ تومکمل نہ ہوسکامگر پشاور شہر کھنڈرات میں تبدیل ہوگیا۔

شہباز شریف نے کہاکہ جس کمپنی کو پشاور میٹرو بس کاٹھیکہ دیاگیاہے وہ بھی بلیک لسٹ ہے ۔ پشاور میٹرو منصوبے میں تخمینہ سے 40ارب روپے زیادہ لاگت آئی۔انہوںنے کہاکہ میں نے ملتان شہر کی حقیر سے خدمت کی، خانیوال لاہورموٹروے کامنصوبہ مکمل کرایا،ملتان برن یونٹ سنٹر بنایا ،شہر یوں کو میٹروبس کاتحفہ دیا،ملک سے اندھیروں کاخاتمہ کیا۔انہوںنے کہاکہ ہم کامیاب ہوکر بہاولپورمیں بھی میٹرو بس چلائیں گے ۔

شہباز شریف نے کہاکہ طیب اردگان نے مجھ سے کہاکہ تم میرے بھائی ہو تم جوکہوگے میں کروں گا۔اس کے جواب میں میں نے طیب اردگان کو کہاکہ ہم مشکل میں ہیں، آپ ہمارے لئے دعاکریں کہ ہماری مشکل آسان ہو۔شہبازشریف نے کہاکہ اگر انتخابات میں دھاندلی کو نہ روکا گیاتومیں عوام کے سیلاب کونہ روک سکوں گا۔اگرعوام نے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیا تومیں وعدہ کرتاہوں کہ پاکستان کوترکی اورملائشیابنادوں گا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں