ملتان میں 3روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 24ستمبر سے ہوگا

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:20

ملتان۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع ملتان میں 3روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 24ستمبر سے ہوگا جس کے دوران 8لاکھ سے زائد کم سن بچوں کو پولیو سے بچاوکے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان مدثرریاض ملک نے شہبازشریف ہسپتال میں گزشتہ روز بچوں کو پولیو کے خاتمے کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر منور قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نونہالوں کو معذوری سے بچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ پولیو مہم میں شریک ٹیموں کو خصوصی سکیورٹی بھی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

مدثرریاض ملک نے کہا کہ پولیو مہم میں 1824موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر 5سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی جبکہ تمام بس سٹینڈز، ویگن اڈوں اور پبلک مقامات پر بھی خصوصی کیمپ لگائے جائیں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لئے پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ملک سے اس موذی مرض کا خاتمہ کیا جاسکے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ملتان مدثرریاض ملک نے شہبازشریف ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے مختلف وارڈز کا بھی دورہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ادویات کا ریکارڈ اور میڈیکل سٹاف کی حاضری بھی چیک کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مدثرریاض ملک کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر طبی سہولیات اور ادویات کی بلامعاوضہ فراہمی کے لئے ہر ممکن وسائل استعمال کریں گے۔ اس حوالے سے بنیادی مراکز صحت اور ضلعی ہسپتالوں کو مثالی بنانا ضلعی انتظامیہ کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب مریضوں کے لئے خون اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے آن لائن سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے ۔

اس سسٹم کے تحت شہبازشریف ہسپتال کو جلد بلڈ سنٹر اور کارڈیالوجی سے آن لائن منسلک کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سرکاری درجہ چہارم کے ملازمین اور خاکروبوں کو ہیلتھ کارڈز جاری کرنے کا منصوبہ بھی جلد شروع کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر منور قریشی کی جانب سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں