علی گڑھ کالج سے ملحقہ 30کروڑروپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزارکرالی گئی

منگل 16 اکتوبر 2018 00:02

ملتان۔ 15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز سرکاری اراضی پر قائم علی گڑھ کالج سے ملحقہ 23دکانیں مسمار کرکے تمام سامان قبضے میں لے لیا،اس موقع پر بھاری مشینری کے ذریعے دکانوں کے شیڈ اور دیواریں چھتیں مسمار کرکے 30کروڑ روپے مالیت سے زائد کی کمرشل اراضی واگزار کرالی گئی ۔

آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سٹی آغا ظہیر عباس شیرازی نے کی جبکہ محکمہ ہائوسنگ اینڈ پلاننگ کے آفیسران اور میونسپل کارپوریشن کی انتظامیہ بھی اس موقع پر موجود تھی ۔مذکورہ اراضی پر قبضہ مافیا نے بغیر کسی معاہدے اور دستاویزات عرصہ دراز سے قبضہ کرکے غیر قانونی دکانات کی تعمیر کا سلسلہ شروع کر رکھا تھا ۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنر سٹی آغا ظہیر عباس شیرازی نے گزشتہ روز بھاری مشینری کے ہمراہ 5گھنٹے سے زائد مسلسل آپریشن کیا اور تمام دکانوں کو مسمار کرکے کئی کنال اراضی واگزار کروالی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر سٹی آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سرکاری اراضی کا ایک ایک انچ واگزار کرانے کا عزم کر رکھا ہے ۔اس حوالے سے کسی قبضہ مافیا کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عرصہ دراز سے اس اراضی کا کرایہ وصول کرنے والے عناصر کے خلاف بھی کیس نیب کو بھیجے گی اور سرکاری خزانے کا ایک ایک پیسہ وصول کیا جائے گا ۔دریں اثناء شہریوں نے کروڑوں روپے کی اراضی واگزار کرانے پر ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں