ضلع کی تاریخ کا بڑا تجاوزات کیخلاف آپریشن ،48سے زائد غیرقانونی دکانوںکومسمارکرکی5کنال کمرشل اراضی واگزارکرالی گئی

بدھ 24 اکتوبر 2018 02:00

ملتان۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اکتوبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز ضلع کی تاریخ کا سب سے بڑا تجاوزات آپریشن کرتے ہوئے گول باغ مارکیٹ کی 48سے زائد غیر قانونی دکانوں کو مسما ر کرکے 5کنال کمرشل اراضی واگزار کرالی۔آپریشن کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر میر نواز نے کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی قاضی منصور اور لیگل ایڈوائزر محمد شاہ ایڈووکیٹ سمیت ڈائریکٹر پھاٹا جاوید اختر انصاری اور یونس مغل بھی موجود تھے ۔

گزشتہ روز علیٰ الصبح ضلعی انتظامیہ نے تاجروں کی جانب سے دکانوں کو حتمی وارننگ کے بعد خالی ہونے پر بھر پور مشینری کے ہمراہ کریک ڈائون کیا اور مدرسہ خیرالعلوم سے ملحقہ اراضی پر قائم 48 غیر قانونی دکانوں کو مکمل طور پر مسمار کرکے سامان قبضے میں لے لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی جنہوں نے امن و امان کو مکمل کنٹرول میں رکھا ۔

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لوڈر اور گاڑیوں نے فوری طور پر 6گھنٹے آپریشن کے بعد ملبہ جات سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کو مکمل طور پر بحال کردیا ۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک نے گول باغ مارکیٹ میں جاری تجاوزات آپریشن کا موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور اپنی نگرانی میں دکانیں مسمار کراتے رہے ۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مدرسہ خیر العلوم سے ملحقہ 5 کنال اراضی پر قبضہ مافیا نے 30سال سے غیر قانونی طور پر قبضہ کرکے دکانیں تعمیر کی ہوئی تھیں ،ضلعی انتظامیہ نے مکمل سروے کے بعد 48دکانوں کی نشاندہی کرکے انکو مکمل طور پر مسمار کردیا ہے،اس سرکاری اراضی پر خوبصورت گرین بیلٹ اور عوام کے لئے بیٹھنے کی مثالی جگہ بنائی جائے گی ۔

دریں اثناء گول باغ مارکیٹ مسمار ہونے کے بعد سڑک کشادہ ہونے پر شہریوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کامیاب آپریشن کو سراہا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں