عیدمیلادالنبیﷺکے موقع پر محافل ، جلسے ، جلوسوں کی سکیورٹی کے سخت انتظامات ، موبائل فون سروس معطل

بدھ 21 نومبر 2018 18:40

ملتان۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2018ء) ملک بھر کی طرح ملتان سمیت پورے جنوبی پنجاب میں عید میلادالنبیﷺ کاتہوارمذہبی جوش وجذبے اورعقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پرملتان اورگردونواح میں عیدمیلادالنبیﷺ کے جلوس نکالے گئے۔ضلع ملتان میں عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر مختلف علاقوں میں سینکڑوں جلوس نکالے گئے۔

ملتان میں نکالے جانے والے جلوس شہر کے روایتی جلوس میں شامل ہوگئے۔اس موقع پر سیرت نبوی ﷺ کے حو الے سے جلسے،محافل قرآت ونعت بھی منعقد کی گئیں۔انجمن اسلامیہ کے زیراہتمام عیدمیلادالنبی ﷺ کاسالانہ مرکزی جلوس صبح دولت گیٹ سے نکالاگیا ۔جلوس کی قیادت تنویرالحسن گیلانی صدرانجمن اسلامیہ،مخدوم جاوید ہاشمی،سیدیوسف رضاگیلانی،راجن بخش گیلانی نے کی۔

(جاری ہے)

جلوس حسین آگاہی ،چوک بازار ،صرافہ بازار،پاک گیٹ،چوک شہیداں،چوک پانی والی ٹینکی،بوہڑ گیٹ سے ہوتا ہوا چوک گھنٹہ گھرپہنچا جہاں اس میں دیگر جلوس بھی شامل ہوگئے۔عیدمیلادالنبی ﷺ کاایک اوربڑا جلوس قلعہ قاسم باغ دربار حامدیہ سے نکلا جو چوک گھنٹہ گھر پر انجمن اسلامیہ کے مرکزی جلوس میں شامل ہوگیا۔جلوس میں اونٹوں کے قافلے ،گاڑیاں،ویگنیں ،روایتی ملبوسات میں بچے اورشہریوں کی بہت بڑی تعدادشامل تھی۔

جلوس کے ساتھ مسجد نبوی اور خانہ کعبہ کے خوبصورت ماڈل بھی موجودتھے۔مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے اور شرکاء میں شیرینی اور مشروبات تقسیم کیے جارہے تھے۔اس موقع پر مختلف ویگنوں اور گاڑیوں پر لائوڈسپیکروں کے ذریعے نعتیں اور قوالیاں سنائی جارہی تھیں۔جلوس کے دوران شرکاء درودشریف کاورد بھی کرتے رہے اور فضاء تکبیراور رسالت کے نعروں سے گونجتی رہی۔

جلوس کے تمام راستوں کو سبز پرچموں اور جھنڈیوں سے سجایاگیاتھا۔جلوس کے شرکاء نے اپنے سینوں پر مختلف بیج آویزاں کررکھے تھے۔جلوس شام کو واپس دولت گیٹ چوک پہنچ کر اختتام پذیرہوا۔اس موقع پر سیرت کے حو الے سے جلسے ،محافل نعت اور محافل قرآت بھی منعقد ہوئیں جس میں علماء کرام نے شان رسالت بیان کی۔رات کو بہترین سجاوٹ کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

عیدمیلادالنبی ﷺ کے موقع پر ملتان میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔جلوسوں کے تمام راستوں پر پولیس ، ایلیٹ فورس اورقومی رضاکار تعینات تھے۔تمام راستوں پر آنے جانے والوں کی تلاشی لی جارہی تھی جبکہ ایلیٹ فورس جلوس کے روٹس پر گشت کرتی رہی۔اس کے علاوہ خفیہ نگرانی کے لئے سفید پارچات میں بھی پولیس اہلکاران ڈیوٹی سر انجام دیتے رہے۔

ریسکیو1122کی جانب سے بھی اس موقع پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریسکیو کے اہلکار اورگاڑیاں چوکس رہیں۔در یں اثناء ہسپتالوں میں بھی عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر بعض ڈاکٹروں کو ڈیوٹی پر بلایاگیاتھا۔عیدمیلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے کئی شہروں میں موبائل سروس معطل رہی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں