سیزنل انفلوئنزا کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کے احکامات جاری

ْمحکمہ صحت عوام میں موسمی بخار بارے آگاہی پیدا کرنے کیلئے مہم کا آغاز کرے،کمشنر ملتان

منگل 11 دسمبر 2018 19:15

ملتان۔11 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن عمران سکندر بلوچ نے سیزنل انفلوئنزا کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت عوام میں موسمی بخار بارے آگاہی پیدا کرنے کیلئے بھرپور مہم کا آغاز کرے، زبانی جمع خرچ کی بجائے موسمی بخار کے اثرات اور بچائو کے اقدامات کی رپورٹ پیش کی جائے، عوامی مقامات، ہوٹلوں، بس اڈوں، سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں سمیت دیہاتوں میں آگاہی بینرز اور پوسٹر لگائے جائیں، تمام متعلقہ محکمے موسمی بخار کے حوالے سے کارکردگی کا سرٹیفکیٹ کمشنر آفس جمع کروائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیزنل انفلوئنزا بارے اقدامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، کمشنر ملتان نے تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں انفلوئنزا بارے اقدامات کی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے نمبرداروں، زمینداروں اور مسجد کے خطیب کو بھی آگاہی مہم کا حصہ بنانے کی ہدایت جاری کیں، کمشنر ملتان نے کہا کہ سکولوں میں زیروپیریڈ کا بھی آغاز کیا جائے، عوامی آگاہی کے بغیر مطلوبہ نتائج حاصل کرنے ناممکن ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں انفلوئنزا بارے فرنٹ ڈسک قائم کیا جائے، کمشنر نے کہا کہ عوام میں یہ شعور اجاگر کیا جائے کہ موسمی بخار قابل علاج ہے احتیاطی تدابیر کو اپنا کر اس سے بچا جا سکتا ہے، اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر عطاالرحمن نے بتایا کہ تمام ہسپتالوں میں فلو فلٹریشن کلینک قائم کر دیے گئے ہیں، نشتر ہسپتال میں انفلوئنزا بارے تمام لیب ٹیسٹ فری کئے جا رہے ہیں، نشتر ہسپتال، چلڈرن کمپلکس اور سی ایم ایچ میں موسمی بخار کے مریضو ں کیلئے مخصوص وارڈز بھی قائم کئے جا چکے ہیں، ڈاکٹر عطاالرحمن نے بتایا کہ پولیو سٹاف کو بھی موسمی بخار بارے عوام کو آگاہی دینے کا ٹاسک دیا گیا ہے،یہ مرض قابل علاج ہے، احتیاطی تدابیر سے اس مرض سے بچائو ممکن ہے،عوام کو چاہیے کہ ماسک کا استعمال کریں اور گندے ہاتھوں سے اپنی آنکھوں منہ یا ناک کو نہ چھوئیں۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں