غیر قانونی ہائوسنگ کالونیوں کو بجلی کی فراہمی منقطع کرنیکا عمل جاری

منگل 15 جنوری 2019 23:45

ملتان ۔15جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) وفاقی وزارت توانائی (پاورڈویژن )کے احکامات کی روشنی میں میپکو میں غیر قانونی ہائوسنگ کالونیوں کو بجلی کی فراہمی منقطع کرنیکا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ ان ہائوسنگ کالونیوں کے غیرقانونی ہونے اور اجازت نامہ نہ حاصل کرنے کی نشاندہی متعلقہ اداروں جیسے ضلعی انتظامیہ،ایم ڈی اے ، ٹی ایم اے کی جانب سے کی گئی اور فہرستیں میپکو کو فراہم کی گئیں جن پر ان غیرقانونی کالونیوں کی بجلی کی سپلائی منقطع کردی گئی ۔

اپنے صارفین کی آگاہی کے لئے میپکو یہ واضح کردیناچاہتی ہے کہ کسی بھی ہائوسنگ کالونی کو بجلی کی فراہمی کے لئے ایک مربوط طریقہ کار موجودہے جس کی بنیادی شرط متعلقہ انتظامی اداروں سے منظور شدہ ہونا اور اجازت نامہ کا حصول ہے جس کے بعد کالونی مالکان اپنی کالونی کا مکمل ڈیزائن تیار کرتے ہیں اور میپکو کے شعبہ پلاننگ میں جمع کرواتے ہیں اس ڈیزائن میں کالونی کا رقبہ، پلاٹوں اور بجلی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کی لائنوں ، کھمبوں ، ٹرانسفارمرز اور میٹرز کی تعداداور ان پر آنے والے متوقع لوڈکا تخمینہ موجود ہوتاہے ۔

(جاری ہے)

میپکو کے شعبہ پلاننگ کے افسران پر مشتمل کمیٹی اس کالونی کے بجلی ڈیزائن اور موقع ملاحظہ کرنے کے بعد ڈیمانڈ نوٹس جاری کرتی ہے ۔ ڈیمانڈنوٹس کی ادائیگی پر مطلوبہ میٹریل کی فراہمی وتنصیب کے بعد بجلی کی فراہمی شروع کردی جاتی ہے ۔ تمام صارفین کسی بھی کالونی میں زمین کی خریداری سے قبل اس بات کی تسلی کریں کہ متعلقہ اداروں کا اجازت نامہ اور میپکو کی جانب سے بجلی کی فراہمی کی منظوری موجود ہے تاکہ بعد میں بجلی منقطع ہونے سے دشواریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں