واپڈا ٹائون کے رہائشیوں کو سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، چیف ایگزیکٹو میپکو

جمعرات 17 جنوری 2019 23:05

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) صدر واپڈا ٹائون مینجمنٹ کمیٹی /چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محمد اکرم چوہدری نے کہا ہے کہ واپڈا ٹائون کے رہائشیوں کو سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ واپڈا ٹائون ایک جدید سوسائٹی ہے فیزIاورفیزIIمیں تیزی سے نئے گھر تعمیر ہورہے ہیں جہاں واپڈا افسران سمیت پرائیویٹ افراد بھی رہائش کوترجیح دے رہے ہیں ۔

واپڈا ٹائون کے دونوں فیزز میں بجلی، گیس، ٹیلی فون، سیوریج، سیکیورٹی ، پارکس ، کمیونٹی ہالزاور پلے گرائونڈز کی سہولیات دستیاب ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واپڈا ٹائون فیز IIکے این اور کیوبلاکس میں نئی مساجد کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ این بلاک میں مسجد نمرہ اور کیوبلاک میں مسجد قباء کی تعمیر کا کام مینجمنٹ کمیٹی اور رہائشیوں کے مالی تعاون سے فوراًً شروع کردیاگیاہے اور ایک سال میں دونوں مساجدکی تعمیر مکمل ہوجائے گی ۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ واپڈا ٹائون فیز ون کے 5بلاکس ہیں جہاں ایک جامع مسجد اور ہر بلاک میں مساجد بنائی گئی ہیں جبکہ فیز ٹو میں ایک جامع مسجد واقع ہے اسمیں 6بلاکس میں ایک ، ایک مسجد تعمیر کی جائے گی تاکہ نمازیوں کو ان کے گھروں کے نزدیک نماز کی سہولت میسر آسکے ۔ اس موقع پر نائب صدر شاہد حمید چوہان، سیکرٹری واپڈا ٹائون ملک ساجد ڈومرا، خزانچی میاں ندیم احمد، ممبران مینجمنٹ کمیٹی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں