ملتان میں جلد جنوبی پنجاب صوبہ سیکرٹریٹ کام شروع کردے گا، محمد ندیم قریشی

جمعہ 19 اپریل 2019 00:18

ملتان ۔18اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف روایتی ہتھکنڈوں کی بجائے عوام کی عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور قائد تحریک انصاف عمران خان نے روایتی سیاست کے خول کو توڑا ہے۔ملتان میں جلد جنوبی پنجاب صوبہ سیکرٹریٹ کام شروع کردے گا۔

صحافی کالونی ملتان کے معاملات کے حل کے لئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔یہ بات انہوں نے ڈویژنل انفارمیشن آفس ملتان میں افسران اور عملہ سے تعارفی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی کو ڈائریکٹر تعلقات عامہ ملتان ڈویڑن طاہرمحمود چوہدری نے محکمانہ امور پر بریفنگ دی۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کے حوالے سے پیش رفت جاری ہے سیکرٹریٹ کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملتان کا میڈیا نہایت فعال ہے ملتان کی صحافی کالونی کے مسائل کے حل کے لئے وہ عملی اقدامات کررہے ہیں،صحافیوںکی سہولت کے لئے ایکریڈیٹیشن کارڈ کے اجرائ اور تجدید کے اختیارات ملتان آفس کو دلائے جائیں گے۔اس طرح مرحلہ وار صحافیوں ،شاعروں اور ادیبوں کی مالی معاونت کے اختیارات بھی انفارمیشن آفس ملتان کو دلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ جدید دور کے میڈیا چیلنجز سے نمٹنے کے لئے محکمہ کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔افسران اور سٹاف کے تربیتی سیشن بھی منعقد کرائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب قدیم ثقافت کا حامل ہے یہاں کی ثقافت کے فروغ اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے مقامی سطح پر اختیارات دے کر اداروں کو مستحکم کیا جائے گا۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں دیگر محکموں کی طرح انفارمیشن آفس کا مکمل سیٹ اپ قائم کیا جائے گا تاکہ حکومتی کارکردگی کی مناسب طریقے سے تشہیر ہو سکے اور صحافیوں ،ادیبوں شاعروں اور فنکاروں کے مسائل مقامی سطح پر جلد حل ہوسکیں۔اس موقع پر شیخ طاہر قریشی اورشہبازقریشی بھی موجود تھے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں