فاطمہ جناح ٹائون کے ترقیاتی کاموں اور ریکوری بارے اجلاس

جمعہ 19 اپریل 2019 00:18

ملتان ۔18اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے تنویر اقبال کی سربراہی میں فاطمہ جناح ٹائون کے ترقیاتی کاموں اور ریکوری کے بارے میں منعقدہ اجلاس جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے چوہدری محمد انور ،ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ رانا توقیر الہی ،ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ خالد جاوید، ڈپٹی ایم ڈی واسا نسیم خالد چانڈیو ،ڈائریکٹر انجینئرنگ مشتاق خان ،ڈپٹی ڈائریکٹر واٹر سپلائی عبدالسلام ،ڈپٹی ڈائریکٹر سیوریج سنٹرل زون حافظ وقاص اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیزائن محمد ندیم ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ رانا محمد مشتاق ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ طاہرشاہ شریک تھے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ فیز ون اور ٹو کے 95%ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے ترقیاتی کام بروقت مکمل نہ کرنے والی فرم نذیر اینڈ کو کو بلیک لسٹ کرنے کیلئے پراسس شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس کی سکیورٹی ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ایگریمنٹ کینسل کر کے باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کا اندازہ تخمینہ لگا کر فوری طور پر بذریعہ اشتہار کرنٹ ریٹ پر ٹھیکے پر دئیے جائیں اور سابقہ ٹھیکیدار کے خلاف ایگریمنٹ کے مطابق کاروائی شروع کی جائے ۔

ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے تنویر اقبال نے پلاٹ ٹرانسفر فیس کی مد میں میونسپل کارپویشن کو ادا کی جانے والی 13کروڑ سالانہ کی رقم بند کرنے کے احکامات جاری کر دئے ۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے مزید کہا کہ فاطمہ جناح کے تمام الاٹیزکو نوٹس جاری کریں کہ وہ ایم ڈی اے کے واجبات کلیئرکریں اپنے پلاٹ کا قبضہ لیں اور گھر کی تعمیر شروع کریں ۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ واجبات کلیئر نہیں کرتے ان کے پلاٹ کینسل کر دئیے جائیں۔

انہوں نے فاطمہ جناح کی ریکوری کو تیز کرنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح ٹائون میں گرلز اور بوائز کالج کیلئے مختص کئے گئے 47کنال رقبہ کے پلاٹ پر تعمیر کرنے کیلئے ڈائریکٹر کالج کے ساتھ فوراًرابطہ کریں تاکہ کالج کا نقشہ ڈیزائن کرکے تعمیر شروع کی جائے اسی طرح پرائمری اور ہائی سکولو ں کیلئے مختص کئے گئے تقریباً 48کنال رقبہ پر بھی تعمیر شروع کرنے کیلئے ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور ڈپٹی کمشنر ملتان سے رابطہ کرنے کا حکم جاری کیا ۔

ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ فاطمہ جناح ٹائون میں پولیس اسٹیشن کی تعمیر کیلئے مختص کی گئی 5کنال جگہ پر فوری تعمیر کرنے کیلئے سی پی او ملتان سے رابطہ کریں تا کہ یہاں پر رہنے والے لوگوں کے جان و مال کو تحفظ حاصل ہو سکے ۔انہوں نے حکم دیا کہ سوئی گیس کے جاری ترقیاتی ورک کو سپیڈ اپ کرنے کیلئے ایم ڈی اے سے گریڈ 17کے آفیسر کو فوکل پرسن تعینات کیا جائے جو اپنی نگرانی میں سوئی گیس کے کام کو تیزی سے مکمل کر ائے اس بارے میں انہوں نے جی ایم سوئی گیس سے ملاقات کا شیڈول طے کرنے کی بھی ہدایت دی ۔

ڈائریکٹر جنرل نے حکم جاری کیا کہ فاطمہ جناح ٹائون میں پٹرول پمپ کی تعمیر کیلئے مختص کئے گئے 4کنال کے پلاٹ کو آکشن کرنے کیلئے قومی اخباروں میں اشتہار جاری کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کیٹل فارم کیلئے مختص جگہ کو دس سال کیلئے لیز پر دینے کا بندوبست کریں اور فاطمہ جناح ٹائون میں فری ڈسپنسری کی تعمیر کیلئے ڈپٹی کمشنر ملتان اور سی او ہیلتھ ملتان کو لیٹر لکھیں۔

تنویر اقبال نے کہا کہ فاطمہ جناح ٹائون میں سکیورٹی گارڈ کی تعیناتی کیلئے بذریعہ اخبار اشتہار اچھی شہرت کی حامل سکیورٹی ایجنسی سے معاہدہ کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پارک کیلئے مختص 22ایکڑ رقبہ پر بچوں اور بڑوں کیلئے علیحدہ علیحدہ پارک بنائیں اور پارک میں سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے پنجاب سپورٹس بورڈ سے رابطہ کیا جائے ۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں