میپکوکے لائن سٹاف کو حفاظتی آلات کے استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 19 اپریل 2019 19:06

ملتان ۔19اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر طاہر محمود نے کہا ہے کہ انسانی زندگی کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ میپکو لائن سٹاف فیلڈ میں ڈیوٹی دینے سے پہلے حفاظتی آلات کا استعمال یقینی بنائیں اور آلات کی عدم دستیابی پر لائنوں پر کام کرنے سے یکسر انکارکردیں ۔ وہ میپکو ہیڈ کوارٹر میں لائن سٹاف کی سیفٹی سے متعلق اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔

اجلاس میں میپکو ریجن کے تمام آپریشن ، جی ایس او، جی ایس سی سرکلوں کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز، پراجیکٹ ڈائریکٹرز نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ ہائی ٹینشن اور لوٹینشن لائنوں پر کام کرنے سے قبل پی ٹی ڈبلیو ہرصورت حاصل کیاجائے اور فیڈر بند ہونے تک کام شروع نہ کیاجائے۔ لائن سٹاف کی قیمتی جانوں کو محفوظ بنانے کے لئے کروڑوں روپے مالیت کے ٹی اینڈ پی آلات فراہم کئے گئے ہیں اگر کسی سب ڈویژن میں حفاظتی آلات کی کمی ہے تو فوراًً متعلقہ ایکسین ، ایس ای کو آگاہ کیاجائے ۔

(جاری ہے)

جنرل منیجر آپریشن میپکو انجینئر ناصررشید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکل اور ڈویژن کی سطح پر سیفٹی سیمینارزاور سیفٹی کمیٹی کی میٹنگ ماہانہ بنیادوں پر کی جائے اور تمام سب ڈویژنوں میں روزانہ صبح کے اوقات میں اسمبلی کا انعقاد یقینی بنایاجائے ۔ سب ڈویژنل افسران لائن سٹاف کو ٹی اینڈ پی کا استعمال، ورک پرمٹ کا حصول، لائن ارتھ کرنے اور حفاظتی آلات کے استعمال کی ترغیب دیں ۔

اجلاس میں ڈائریکٹرجنرل ایچ آر لیاقت علی میمن، جنرل منیجر ٹیکنیکل عبدالعزیز نیازی، جنرل منیجر کسٹمرسروسز خواجہ غلام یاسین، چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن محمد اکرم بھٹی، چیف انجینئر پلاننگ محمد عمر لودھی ، یونین رہنما غلام رسول گجر، سجاد بلوچ ، ڈپٹی ڈائریکٹرسیفٹی میپکو کاشف مقبول، ڈپٹی ڈائریکٹرٹیکنیکل میپکو ملتان سرکل ارشدمنیر ڈاہا اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں