امن، رواداری اور بھائی چارے کا فروغ پاکستانی اقدار کا اہم جزو ہیں، ڈاکٹرپراچہ

پیر 22 اپریل 2019 15:35

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) معروف سماجی رہنما ڈاکٹر عرفان احمد پراچہ نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم امن کی داعی ہے، امن، رواداری اور بھائی چارے کا فروغ ہماری بہترین قومی اقدار کا اہم جزو ہیں، پوری پاکستانی قوم اور افواج پاکستان نے ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں، ہم شہدائے وطن کو عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعور ترقیاتی تنظیم کے زیر اہتمام فروغ امن کمیونٹی ڈائیلاگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ شاہد محمود انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن پسندی، رواداری کا فروغ دراصل ہماری سماجی جدوجہد کا زینہ ہے، بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عالمی صیہونی طاقتیں پاکستان میں امن کو تہہ و بالا کرنے کے لئے سازشیں کر رہی ہیں لیکن افواج پاکستان اور پوری قوم یکجا ہیں اور پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

ڈاکٹر ہمایوں شہزاد، پروفیسر عنایت علی قریشی، ظل فاطمہ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پوری دنیا دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے لیکن پاکستان کی قوم واحد قوم ہے جس نے امن کے قیام کے لئے جدوجہد میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی جارحیت ہو یا صیہونی طاقتوں کی سازشیں ہوں پاکستانی قوم نے ہمیشہ ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے آج ہم امن کے قیام کیلئے نہ صرف رواداری کو فروغ دے رہے ہیں بلکہ معاشرتی برداشت کے رجحانات کو فروغ دینا بھی ہماری اولین ترجیح ہے۔

امیر نواز ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرتی سطح پر بھائی چارے کا فروغ اور مذہبی ہم آہنگی امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کا بہترین ذریعہ ہے، ہمیں دلبرداشتہ نہیں ہونا چاہیئے، بلوچستان سمیت پاکستان کا کونہ کونہ ہمیں دل و جان سے عزیز ہے، عالمی طاقتیں پاکستان کی ترقی کو نہیں روک سکتیں، امن کے قیام کے حوالے سے پوری پاکستانی قوم افواج پاکستان اور حکومت پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔اس موقع پرمحمود انصاری، ڈاکٹر ہمایوں شہزاد، محمد عمران اعظمی، پروفیسر عنایت علی قریشی، ظل فاطمہ ایڈووکیٹ، امیر نواز ملک،مدثر بیگ، عیسیٰ بھٹہ، رضوانہ شاہین، شبنم عظیم، بابر ہاشمی، ، محبوب حسین قادری، محمد حفیظ ودیگرشریک تھے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں