مریضوں کو طبی سہولیات کی بروقت فراہمی سے ہسپتالوں بارے عوامی اعتماد بحال ہو گا، کمشنرعمران سکندربلوچ

جمعرات 25 اپریل 2019 00:05

ملتان ۔24اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) کمشنر ملتان عمران سکندر بلوچ نے کہا ہے کہ شہریوں کو ریلیف دیناہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ ہسپتالو ں میں ادویات کی کمی کو پورا کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر وں اور دیگر طبی سٹاف کی تعیناتی کے لئے کاوشیں کی جائیں۔ مریضوں کو طبی سہولیات کی بروقت فراہمی سے ہسپتالوں بارے عوامی اعتماد بحال ہوگا۔

سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے تاکہ پڑتال پر ان کی بروقت فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے۔ اراضی ریکارڈ سنٹرز پر سائلین کے معاملات حل کے لئے سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان ڈویژن کی مختلف تحصیلوں کے دورے اور سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی بارے اقدامات کا جائزہ لینے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر ملتان عمران سکندر بلوچ نے گزشتہ روز بوریوالہ میں اراضی سنٹر، تحصیلدار آفس، ٹی ایچ کیو اور جنرل بس سٹینڈ کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں موجود مریضوں سے ہسپتال میں ملنے والی سہولیات بارے دریافت کیا جس پر مریضوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر ملتان نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ادویات کے ریکارڈکو کمپیوٹرائزڈ کیا جائے۔

کمشنرملتان نے بوریوالہ میں سیوریج لائن بارے بریفنگ لی۔ اس موقع پر انہوں نے گرین اینڈ کلین پنجاب کے تحت بنائی جانے والی گرین بیلٹس کا بھی جائزہ لیا۔دریں اثناء کمشنر ملتان عمران سکندربلوچ نے اچانک ٹی ایچ کیو میاںچنوں کا بھی دورہ کیا اور صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مریضوں نے انہیں ہسپتال میں سہولیات نہ ملنے اور عملہ کی ناقص کارکردگی کی شکایت کی جس پر کمشنر ملتان عملے پر برہم ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ ادویات کی کمی کو فوری پورا کیا جائے۔ سٹاف انتظامات کی بہتری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ڈاکٹروں اور سٹاف کی کمی کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خانیوال محمد اشفاق چوہدری اور اسسٹنٹ کمشنر خانیوال چوہدری محمد ارشدبھی ان کے ہمراہ تھے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں