پولیو اور ڈینگی مہم میں شامل فیلڈ سٹاف کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے،عامرخٹک

جمعہ 24 مئی 2019 18:31

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) ڈپٹی کمشنر ملتان عامر خٹک نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی اور پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام وسائل اور افرادی قوت صرف کی جارہی ہے تاکہ وطن عزیز سے ان مہلک بیماریوں کا جڑ سے خاتمہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں سمیت سول سوسائٹی کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ اس قومی فریضہ کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے مہم کو بھرپور کامیاب بنائیں تاکہ کسی قیمتی جان کا ضیاع نہ ہو۔

ڈپٹی کمشنر نے حکم دیا کہ پولیو اور ڈینگی مہم میں شامل فیلڈ سٹاف کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جائے اور پولیو کے قطرے پینے سے انکار کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس میں منعقدہ انسداد پولیو اور ڈینگی مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاسں میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منور اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی قاضی منصور سمیت ضلعی حکام نے بھی شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارش کے بعد ڈینگی لاروے کی افزائش کے خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ اور سول سوسائٹی کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہدایات جاری کیں کہ ڈینگی سٹاف سے دوبارہ گھروں کی انسپکشن کرائی جائے اور پانی اکھٹا ہونے کے مقامات کو فوری صاف کرکے سپرے کیا جائے۔

عامر خٹک نے کہاکہ ڈینگی لاروا ملنے کے مقامات کو آن لائن ٹیگ کرکے ریڈ زون قرار دیا جائے اور پورے علاقے کی سرویلنس کی جائے۔انہوں نے کہاکہ ملتان کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے خصوصی وارڈ مختص کرکے میڈیکل سٹاف کی خصوصی ٹریننگ کرائی جائے۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منور اور فوکل پرسن برائے ڈینگی مہم ڈاکٹر عطائ الرحمن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی حکومت کے اقدامات کی بدولت گزشتہ کئی برسوں سے ضلع ملتان مکمل طور پر پولیو اور ڈینگی فری ہے تاہم محکمہ صحت تمام ضلعی محکموں کے تعاون سے گھر گھر آگاہی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈینگی اور پولیو مہم میں بہترین کارکردگی کے حامل محکموں کو تعریفی اسناد جاری کرنے کا بھی حکم دیا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں