ملتان میں طوفانی بارش، چھتیں گرنے سے چاربچے جاں بحق،21افراد زخمی

منگل 18 جون 2019 19:55

ملتان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) ملتان اورگردونواح میں منگل کی علی الصبح موسلا دھارطوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ریسکیو 1122ذرائع کے مطابق شہر اور مضافات میں چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں چار بچے جاں بحق جبکہ 21افراد زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں کو نشترہسپتال اور تحصیل ہسپتال شجاع آ باد منتقل کردیاگیا ہے۔

گرج چمک اور ہلکی بارش کا سلسلہ سوموار کی رات سے شروع ہوا جو وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہا۔تاہم تین بجے طوفانی بارش شروع ہوگئی جوآدھ گھنٹہ جاری رہی۔بارش سے کئی علاقوں میں برقی رو کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ سورج کنڈ روڈ پر گھر کی دیوار ،قصبہ مڑل میں مدرسے کی چھت گرنے اور چونگی نمبر11میں مکان کی دیوارگرنے سے چاربچے جاں بحق جبکہ چارخواتین اور بچوں سمیت 21افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ریسکیو1122ذرائع کے مطابق رنگیل پور سورج کنڈ روڈ پر پانچ بچے گلی میں کھیل رہے تھے کہ اچانک ان پر دیوارآگری جس کے نتیجے میں دوبچے پانچ سالہ نور بی بی اورایک نامعلوم بچہ جاں بحق ہوگئے جبکہ دو بچے 10سالہ نادیہ،8سالہ عدیل زخمی ہوگئے جنہیںنشترہسپتال منتقل کردیاگیا جبکہ ایک بچے کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کردی گئی۔ اسی طرح چونگی نمبر11میں مکان کے پردے کی دیوار ساتھ والے گھر میں جا گری جسً کے نتیجے میں تین سالہ عمیر اور دوسالہ ایان جاں بحق ہوگئے اور 45سالہ زیتون بی بی، 40سالہ پروین،20سالہ شاہینہ اور 5شالہ شمیم زخمی ہوگئے۔

شجاع آبا دکے علاقے قصبہ مڑل میں مدرسے کی چھت گرپڑی جس کے نتیجے میں 8بچے ملبے تلے دب گئے۔ تین بچوں 15سالہ طلحہ،10سالہ شہزاد اور9سالہ عدیل کو نشترہسپتال منتقل کردیاگیا ،پانچ بچوں عبداللہ،نوید، اسد عمر، مبشر اور عبداللہ کو تحصیل ہسپتال شجاع آ باد منتقل کردیاگیا۔بستی کوہلو والا میں بھی چھت گرنے سے چھ افراد زخمی ہوگئے جنہیں نشترہسپتال منتقل کردیاگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان میں گزشتہ رات 16ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان اوراس کے گردونواح میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش ہونے کاامکان ہے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں