پارلیمانی ورلڈ کپ جیت کر دنیا کو باور کروایاکہ پاکستان پرامن ملک ہے، مخدوم زادہ زین حسین قریشی

جمعہ 19 جولائی 2019 23:52

ملتان ۔19جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم زادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں بہت قربانیاں دیں، پارلیمانی ورلڈ کپ جیت کر دنیا کو باور کروایا کہ پاکستان پرامن ملک ہے‘ ہم مہنگائی ‘غربت ‘ جہالت ‘ بیروزگاری اور دہشت گردی کیخلاف جنگ کریں گے‘ جہاں پارلیمانی ورلڈ کپ جیتا وہاں معاشرتی برائیوں کیخلاف بھی گیم جیتیں گے۔

پارلیمانی کرکٹ ورلڈ کپ پاک فوج ‘ قوم بلخصوص یوتھ اور شہداء کے نام کرتے ہیں۔یہ ورلڈ کپ پاکستان کا اصل چہرہ ہے۔ اگلا ورلڈ کپ بھی جیت کر پاکستان کے نام کریں گے۔ نئے پاکستان میں دنیا کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آئیں اور کرکٹ کھیلیں ۔ کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے ممالک سے تعلقات بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ بڑے چور احتساب کی زد میں آئے۔

جتنے چور‘ ڈاکو اور لٹیرے ہیں جنہوں نے غریبو ںکاحق مارا اورخزانہ لوٹا اس کو احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ نیب ایک خود مختیار ادارہ ہے۔ جو آزادانہ اور شفاف کام کررہا ہے۔ اپوزیشن یا کسی کے شور مچانے سے نیب کا عمل نہیں رک سکتا۔ چوروں کو نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر پارلیمانی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ملتان آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی معاون خصوصی ٹرانسپورٹ حاجی جاوید اختر انصاری‘ رکن صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر را ں‘ پی ٹی آئی کے ڈویژنل صدر اعجاز جنجوعہ‘ سابق تحصیل ناظم میاں جمیل ‘ شیخ طاہر ‘ بابر شاہ ‘شیخ واجد شوکت‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ قربان فاطمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے مخدومزادہ زین حسین قریشی نے پارلیمانی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کی۔

انہوں نے کہا میں پارلیمانی کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے پر پوری قوم اور بلخصوص وزیراعظم عمران خان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ عمران خان نے 1992ء کا ورلڈ کپ جیتا تھا اور اب ہم ایک ورلڈ کپ جیت کر پاکستان لائے ہیں۔ ہم جس عزم سے گھر سے نکلے تھے ورہ عزم پورا کرکے آئے ہیں۔ میرٹ پر 44ایم این ایز میں سے 15ممبرز کی ٹیم انگلینڈ گئی اور ٹیم کے ہر ممبر نے اخراجات اپنی جیب سے ادا کئے۔

قومی خزانے سے ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوئی۔ ماہ رمضان میں سخت محنت کی اور اس کا صلہ جیت کی صورت میں ملا۔ ہم نے کہا تھا ایک کپ جیت کر آئیں گے اور ہم جیت کر آئے۔ اس ٹورنامنٹ میں 8ملکوں کی پارلیمانی ٹیموں نے کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کی۔ اس ورلڈ کپ میں حکومت اور اپوزیشن کے اراکین نے مل کر حصہ لیا۔ اور لندن میں ہونے والے ورلڈ کپ میں سیاسی اختلافات سے بالا تر ہو کر ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔

ایوان کے اندر سو اختلافات صحیح لیکن پاکستان کی خاطر ہم سب ایک ہیں اور سب کھلاڑیوں نے صرف اور صرف پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا میں بہترین سپورٹس مین شپ پر اپوزیشن کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا ہم وزیراعظم کے ویژن کے مطابق سپورٹس مین شپ پر یقین رکھتے ہیں۔ اور آخری گیند تک لڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا میں تجویز پیش کرتا ہوں کہ قومی و صوبائی اسمبلیو ںکے میچز کروائے جائیں تاکہ کھیلوں میچ کے ذریعے رابطے بڑھیں او رمل کر پاکستان کے لیے کام کریں۔

قبل ازیں و فاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی پارلیمانی کرکٹ ورلڈ کپ جیت کر پاکستان اور گزشتہ روز لاہور سے ملتان پہنچے تو ان کا مانی سیال چوک پر شاندار استقبال کیا گیا۔ پل رانگوں ‘ قادر پور راں بازار ‘ کھاد فیکٹری‘ ملتان میں مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگا کر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ انہیں ایک بہت بڑی ریلی کی صورت میں ملتان ان کی رہائش گاہ لایا گیا ۔ جہاں پر پی ٹی آئی کارکنوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور پارلیمانی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے اور میچ جیتنے پر مبارک باد پیش کی۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں