دریائے ستلج میں سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر جلال پور پیر والا میںایمرجنسی ریسکیو 1122کاکیمپ قائم

منگل 20 اگست 2019 20:05

ملتان ۔20اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے دریائے ستلج میں سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر جلال پور پیر والا میں انتظامات جاری ہیں اور ستلج کنارے واقع پل جھانگڑا میں ایمرجنسی ریسکیو 1122 کا کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔سیلاب کی صورت میں دو سکولوں میں ریلیف کیمپس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے پاس پنجاب ڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کے فراہم کردہ 1730 ٹینٹ دستیاب ہیں۔

انتظامیہ لمحہ بہ لمحہ دریائے ستلج میں پانی کی صوتحال مانیٹر کر رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے ممبران اسمبلی کو سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹراختر ملک، ممبران اسمبلی قاسم خان لنگاہ، ملک سلیم لابر اور واصف مظہرراں کے علاوہ چیئر مین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار ، چیئرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر ڈاکٹر کلیم اللہ اس موقع پر موجودتھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دریائے ستلج کے کنارے پل جھانگڑا میں قائم ریسکیو کیمپ میں 20ریسکیور , 30 لائف جیکٹس اور 5 موٹر بوٹ موجود ہیں۔ایمرجنسی کی صورت میں ریسکیو ملتان سے مزید کمک طلب کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ دریائے ستلج کے کنارے لائیو سٹاک نے خان بیلہ، دراب پور، گج،بہادرپور اور کوٹلہ چاکر میں پا نچ کیمپ قائم کر دئے ہیں۔عامر خٹک نے مزید بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے پاس پی ڈی ایم اے کے فراہم کردہ ملتان میں 1403, شجاع آباد 152 اور جلال پور پیر والا میں 175 ٹینٹ دستیاب ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دریائے ستلج میں 50 ہزار کیوسک پانی آنے سے نقصان کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔البتہ اس مقدار سے زیادہ پانی آنے سے جلال پور پیروالا کے 9 مواضعات کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سیلاب کی صورت میں منتخب نمائندے انتظامیہ کے شانہ بشانہ سیلاب زدہ علاقہ میں موجود ہونگے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں