اللہ کی مددہمارے ساتھ ہے ،گھبرانے کی ضرورت نہیں کشمیر آزادہوکررہے گا۔شاہ محمودقریشی

کشمیریوں کی آواز میں آوازملاتے رہیںگے ،عالمی ضمیر کوجھنجوڑتے رہیں گے ۔وزیرخارجہ کاجلسہ عام سے خطاب

اتوار 15 ستمبر 2019 23:45

اللہ کی مددہمارے ساتھ ہے ،گھبرانے کی ضرورت نہیں کشمیر آزادہوکررہے گا۔شاہ محمودقریشی
ملتان ۔15 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2019ء) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ مظلوم کشمیریوں کی آوازسننے کے لئے دنیا کو جاگناچاہیے اوربھارتی مظالم رکوانے کیلئے اپناکرداراداکرناچاہیے ۔ہم عالمی برادری کے ضمیر کوجھنجوڑتے رہیں گے اورانہیں جگاتے رہیں گے۔اتوارکی شب ملتان کے علاقے رنگیل پورمیں پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ہم چاہے تنہاہی کیوں نہ رہ جائے لیکن نہتے کشمیروں کاساتھ نہیں چھوڑیں گے ان کی آواز میں آوازملاتے رہیں گے ان کے شانہ بشانہ رہیں گے اورمجھے یقین ہے کہ اللہ کی مددہمارے ساتھ ہے ۔

کشمیر آزادہوکررہے گا۔انہوںنے کہاکہ بھارت سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہماری مسلح افواج اورعوام شانہ بشانہ ہیں اورہم پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت کرناجانتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ وہی بھارت ہے جس نے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی توہم نے اس کے دوجہازمارگرائے تھے اب بھی ہم اس کاڈٹ کرمقابلہ کریں گے لوگوں کومایوس ہونے کی ضرورت نہیں ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ بھارتی اقدامات سے پوری دنیا کے سامنے اس کااصلی چہرہ بے نقاب ہوگیاہے ۔

اس وقت مسئلہ کشمیر کے تین فریق ہیں پاکستان ،بھارت اورخودکشمیری عوام ۔وزیرخارجہ نے کہاکہ آج دوفریق مکمل طورپربھارتی موقف کو مستردکرچکے ہیں جبکہ تیسرافریق بھارت خودتقسیم کاشکارہے ۔وہاں کی سیاسی جماعتوں اوربھارت کے اتحادیوں کا بھی یہ موقف ہے کہ ہندوستان کے اقدامات سلامتی کونسل کی قراردادوں اوربین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں ۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ اس وقت مسئلہ کشمیر پر14پٹیشنز بھارتی سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہیں ۔دیکھنایہ ہے کہ سپریم کورٹ میں کوئی دم خم ہے یاوہ بھی مودی کے آگے گھٹنے ٹیک چکی ہے ۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ہندوستان میں مسلمانوں پرمظالم ڈھائے جارہے ہیں ۔انہیں دوسرے بلکہ تیسرے درجے کے شہری کی حیثیت دی جارہی ہے ۔یہ وہی مودی ہے جس نے گجرات کے تین ہزا رمسلمانوں کو ذبح کیاتھا۔

انہوںنے کہاکہ میں مجاہدین کو سلام پیش کرتاہوں جو بھارتی فوج کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن چکے ہیں وہاں 41روز سے دن اوررات کاکرفیو ہے ،ہسپتال بندہیںجان بچانے والی ادویات بھی موجودنہیں۔بازاربندہیں کھانے پینے کی چیزیں میسرنہیں ،وہاں کے مسلمان نہ ہی عیدمناسکے اورنہ قربانی دے سکے نہ محرم الحرام کے موقع پرانہیں عزاداری کی اجازت ملی اورنہ ہی جمعہ پڑھنے کی ۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ54سال بعدہماری حکومت کشمیر کامسئلہ سلامتی کونسل میں لے کر گئی اوراب 27ستمبرکووزیراعظم عمران خان کشمیریوں کامقدمہ جنرل اسمبلی میں پیش کریں گے ۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت پریقین رکھتی ہے اوراسی لئے ہم مشکل حالات کے باوجودلوگوں کے مسائل کے حل کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ایک نئی جماعت تھی کوئی سوچ بھی نہیںسکتاتھاکہ یہ ان دوجماعتوں کاصفایاکردے گی جوطویل مدت سے اقتدارپرقابض تھیں۔پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب سے پیپلزپارٹی کاصفایا کردیااورمسلم لیگ بھی پنجاب میں اپناوجودبرقرارنہ رکھ سکی۔لوگوں نے ہم پرجواعتمادکیا ہم اس اعتمادپرپوراتریں گے ۔ہمیں جومعیشت ورثے میں ملی جن مشکل حالات میں اقتدارسنبھالااس سے آپ بخوبی آگاہ ہیں لیکن ہم مشکل حالات میں عوام کی خدمت کے لئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں ۔

جلسہ عام سے صوبائی وزیرڈاکٹراخترملک ،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری زین حسین قریشی اورپاکستان تحریک انصاف کے مقامی عہدیداروںنے بھی خطاب کیا۔اس موقع پرشاہ محمودقریشی نے مسلم لیگ ن کے راناسجادحمیدکوساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پرمبارکباد دی ۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں