مولانا فضل الرحمان ذاتی مفاد کیلئے ملک کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں،زین قریشی

اتوار 13 اکتوبر 2019 20:15

ملتان ۔13 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2019ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے پر اپوزیشن تقسیم ہے، بلاول بھٹو زرداری اور ن لیگ ابو بچائو جبکہ مولانا فضل الرحمان ایوان میں لائو کے لئے دھرنا کر رہے ہیں۔ در اصل یہ سارے ذاتی مفادات کیلئے گٹھ جوڑ کررہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کسی مذہبی ایجنڈے یا کسی عوامی ایشو پر نہیں بلکہ صرف اور صرف اپنے ذاتی مفاد کیلئے ملک اور قوم کو مفلوج کرنا چاہتے ہیں۔ عوام انہیں بری طرح مسترد کریں گے اور دھرنا بری طرح ناکام ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 ملتان کے پی پی 218 کی مختلف یونین کونسلوں اور وارڈوںکے دورہ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے عوام کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔

رکن صوبائی اسمبلی ملک واصف مظہر راں ‘ ملک شہران را ں ‘ملک شمس راں‘رانا ندیم ‘ اقبال سہو ‘ رانا شوکت اور دیگر سرکردہ شخصیات بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے پائوں اکھڑ چکے ہیں جس کی واضح مثال گزشتہ روز جے یو آئی کا کوئٹہ میں دھرنا تھا جو بری طرح ناکام رہا ۔ انہوں نے پہلے 27اکتوبر کو دھرنے کی کال دی اور اب 31اکتوبر کو دھرنے کی کال دی ہے اور انشاء اللہ پاکستان کی جمہوریت پسند عوام انہیں بری طرح مسترد کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کا صحت کارڈ پروگرام ‘ غربت کے خاتمے کیلئے احساس پروگرام ‘ اپنا گھر سکیم ‘ شیلٹر ہوم جیسے اقدامات تاریخی ہیں جن کی تکمیل سے پاکستان کی عوام کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔ عوام کی محرومیو ںکا خاتمہ ہوگا اور ان کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ماضی میں جنوبی پنجاب کو پسماندہ رکھا گیا۔ یہاں کے وسائل کو دوسرے اضلاع میں منتقل کیا گیا۔ انہوں نے یونین کونسل متی تل ‘ قادر راں ‘ ٹاٹے پور ‘موضع شیر سنگھ‘سمیت مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا وفات پا جانے والی شخصیات کی رہائش گاہ پر گئے ان کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی ‘ مختلف قل خوانیوں میں شریک ہوئے ۔ مختلف وفود سے ملاقات کی‘ ان کے مسائل سنے اور حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری مخدومزادہ زین حسین قریشی یونین کونسل خان پور مڑل چک 9ایم آر ارائیں برادری کی رہائش گاہ پر گئے جہاں کچھ روز قبل ڈکیتی کی واردات اور ذیادتی کا افسوس ناک واقعہ رونما ہوا تھا۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے اس موقع پر سی پی او ملتان کو فون کیا اور تفتیش بارے مکمل تفصیلات پوچھیں۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات کی کہ اس سانحہ کے ملزمان کو فوری طور پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے یونین کونسل موضع شیر سنگھ میں سولنگ کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر معززین علاقہ کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں