صحت مند خوراک دراصل صحت مند معاشرے کی دلیل ہے، ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی

بدھ 16 اکتوبر 2019 23:03

ملتان ۔ 16 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) درس گاہوں میں حفظانِ صحت کے اصول، متوازن خوارک اور متعدی بیماریوں سے بچائو کا علم کسی خاص شعبہ کے طالب علموں کیلئے مختص نہیں یہ وہ شعور ہے جو پہلے مرحلے پر یونیورسٹی کے تما م طلباء وطالبات اور پھر معاشرے میں منتقل ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار "عالمی یوم خوراک -"کے موقع پر جامعہ زکریا کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ نیو ٹریشن میں کیا۔

جس میں اساتذہ ، طلبا ئوطالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کی اصل و جہ غیر صحت مند اور غیر محفوظ خوارک ہے۔ صحت مند خوراک دراصل صحت مند معاشرے کی دلیل ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں غربت کی شرح میں کمی صحت اور صحت مند خوراک کی دستیابی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جامعہ زکریا کی بہتری ، بھلائی اور ترقی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔

اس موقع پر انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنسز اینڈ نیو ٹریشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب کی 35 ملین آبادی غیر معمولی زرعی پیداوار اور وسائل کے باوجود زبوں حالی کا شکار ہے اور اس خطے کی آبادی خوراک کی کمی اور اس سے منسلک صحت کے مسائل سے دوچار ہے۔ تقریب سے ڈاکٹر محمد ریاض، ڈاکٹر طارق اسماعیل نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب کے اختتام پر ریلی کا اہتمام کیا گیا جس میں وائس چانسلر ، اساتذہ اور طلبا کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ وائس چانسلر نے انسٹیٹیوٹ کا دورہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر اور اساتذہ کی تدریسی اور انتظامی کاوشوں کو سراہا اور انتظامی امور میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں