جتنے مرضی مارچ کرلیں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری زین قریشی

جمعرات 20 فروری 2020 23:59

ملتان ۔20فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ پی پی اور ن لیگ دونوں جماعتوں نے ملک کو بری طرح لوٹا ہے۔ تحریک انصاف کو عوام نے بھرپور مینڈیٹ دیا ہے۔ جتنے مرضی مارچ کرلیں حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران مختلف وفود سے ملاقات اور ترقیاتی منصوبوں کے کام کی رفتار کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ماضی میں اس خطے کوپسماندہ رکھا گیا۔ اب ایسا نہیں ہوگا۔ پہلی دفعہ کسی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے علیحدہ بجٹ مختص کیا ہے۔

(جاری ہے)

جس کی بدولت اس علاقہ کی محرومیاں ختم ہونگی اور ترقیاتی کاموں کا جال بچھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان کے اراکین اسمبلی کی سفارشات پر ملتان کیلئے ایک بہت بڑے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دی ہے۔

جس کے ذریعے جنوبی پنجاب میں صحت ‘ تعلیم ‘ سڑکوں کے انفراسڑکچر کو مضبوط اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ملتان کا ایک بہت بڑا مسئلہ سیوریج کا ہے۔ جس کیلئے اربوں روپے منظور کروا رہے ہیں۔ سیوریج نظام کی تبدیلی سے اہلیان ملتان کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا ترقیاتی کامو ںمیں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی اور عوام کا پیسہ عوام کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔

قبل ازیں انہوں نے این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں جن میں موضع ملاں فقیر ‘ یوسی چٹھہ ‘موضع چھراں والہ کا دورہ کیا۔ انہیں نے اپنے حلقہ انتخاب میں وفات پا جانے والی مختلف شخصیات کی وفات پر فاتحہ خوانی کی ‘ مختلف تقریبات میں شرکت کی۔ انہوںنے این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں جاری ترقیاتی کامو ںکی رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ عملہ کو ہدایات کی کہ ترقیاتی کامو ںکی رفتار کو تیز کیا جائے اور مطلوبہ مدت کے اندر منصوبوںکو مکمل کیا جائے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں