نشتر 2 کی جلد تعمیر کے لئے آئی ڈیپ کو مزید 34کروڑ کے فنڈز جاری

جمعرات 20 فروری 2020 23:59

ملتان ۔20فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) نشتر 2 کی جلد تعمیر کے لئے آئی ڈیپ کو مزید 34کروڑ کے فنڈز جاری،وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے چیک آئی ڈیپ نمائندوں کے حوالے کر دیا، تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب میں صحت کی سہولیات میں اضافے کے پیش نظر نشتر 2 کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز گزشتہ برس دسمبر میں ہی کر دیا گیا تھا جب وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے محکمہ صحت پنجاب کے احکامات پر 50 کروڑ کے فنڈز کا چیک آئی ڈیپ نمائندوں کے حوالے کیا تھا اور اب گزشتہ روز 34 کروڑ کے مزید فنڈز کا چیک وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے آئی ڈیپ نمائندوں کے حوالے کر دیا،پنجاب حکومت کی جانب سے نشتر 2 کی تعمیر کے لئے کل بجٹ کی پہلی قسط 50 کروڑ اور دوسری قسط 34 کروڑ جاری کر دئیے ہیں جس کا چیک وائس چانسلر نے آئی ڈیپ نمائندوں کے حوالے کر دیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر طارق جمیل،ٹرثئیرر غضنفر عباس،اور دیگر افسران بھی موجود تھے،اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال پاشا کا کہنا تھا یہ ایک تاریخی لمحہ ہے،اب وزیراعلی پنجاب اور صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی خصوصی دلچسپی کے باعث نشتر 2 کی تعمیر بہت جلد ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ نشتر 2 کی تعمیر میں کوئی تعطل نہیں آنے دیا جائے گا،واضح رہے آئی ڈیپ کی جانب سے منصوبے کے لئے 2 ارب روپئے مانگے گئے ہیں۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں