بھارت کی طرف سے آرٹیکل370اور35اے کی منسوخی پراقوام متحدہ کو فوری نوٹس لیناچاہیے ،چغتائی

بدھ 5 اگست 2020 23:26

ملتان ۔05 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) پاکستان عوامی تحریک ضلع ملتان کے صدر میجر(ر) محمد اقبال چغتائی نے کہا ہے کہ گذشہ برس بھارتی پارلیمنٹ کا کشمیر کی انتظامی حیثیت تبدیل کرنے کیلئے آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کرنے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہوئی،مگر کشمیری عوام نے اس ظالمانہ اقدام کو مستردکردیا۔

اقوام متحدہ کو اپنی قراردادوں کی خلاف ورزی پر نوٹس لینا چاہیے۔بھارت کے اس اقدام سے خطے میں امن و امان کی صورتحال غیر یقینی کیفیت کا شکار ہوگئی جبکہ کشمیری عوام کے حقوق کوسلب کیا گیا۔عالمی برادری کا فرض ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیر کی انتظامی حیثیت کی تبدیلی سے خطے کے امن وامان کو درپیش خطرات کا ادراک کرے اوربھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ خطے کا امن برباد کرنے سے باز رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر بھارتی ظلم و بربریت نے اس کی نام نہاد جمہوریت کا پردہ چاک کردیا ہے۔حق خود ارادیت کشمیری قوم کا حق ہے جسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے زریعے پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔غاصبانہ قبضے سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا۔کشمیری قیاد ت کی گرفتاری بھی قابل مذمت ہے جبکہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بھاری نفری کی تعیناتی بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اورپاکستانی قوم ہرمشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان دنیا کے ہر فورم پر کشمیری قوم کے حقوق کی آواز بلند کرتا رہے گا۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں