ضلعی حکومت ملتان کی جانب سے ’’ جشن آزادی کی تقریبات اور امن میلے‘‘ کے انعقادکااعلان

بدھ 12 اگست 2020 13:48

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی وترجمان حکومت پنجاب سبین گل نے کہاہے کہ کورونا لاک ڈائون کے خاتمے کے بعد ملتان کے لوگوں کوریلیف دینے کے لئے ضلعی حکومت نے ’’ جشن آزادی کی تقریبات اور امن میلے‘‘ کے انعقاد کا پروگرام بنایاہے۔ تقریبات ایک سے ڈیڑھ ماہ تک جاری رہیں گی۔ یہ بات انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی کے ہمراہ سرکٹ ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔

انہوں نے مزید کہاکہ جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لیے اور ملتان کی تاریخ کو اجاگرکرنے کیلئے ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے دوسری مرتبہ یہ قدم اٹھایا ہے ۔پچھلی بار بھی جشن آزادی کی تقریبات کا انعقاد کیاگیاتھا ۔

(جاری ہے)

اس بار کورونا وائرس کی وجہ سے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے اور زیادہ رش نہ کرنے پر عمل کرتے ہوئے ہم نے جشن آزادی اور امن میلے کا انعقاد امن سیمینار، تھیٹر اور میوزیکل ایونٹ کی صورت میں کیا ہے۔

ان تقریبات میں ملتان کے تمام اداروں کے سربراہان بھی ہمارے ساتھ ہیں۔ملتان کی تاریخ صوفی ازم کے حوالے سے بہت مشہورہے۔ ملتان کے مشہور چوراہوں کو خوبصورتی سے سجایا جائے گا۔ وال پینٹنگ کی جائے گی۔ لوگوں کی تفریح کیلئے ان تقریبات کا انعقاد کیا جارہاہے۔ ان تقریبات سے پاکستان کے سافٹ امیج کو پوری دنیا میں اجاگرکیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ملتان جنوبی پنجاب کا اہم حصہ ہے۔

ضلعی حکومت اڑھائی سال سے ملتان کی ترقی کے حوالے سے بہترین کام کررہی ہے۔ جشن آزادی کے وقت خاص طورپر ملتان میں رہنے والے وہ لوگ جنہوں نے اپنی آنکھوں سے آزادی کے وقت تکلیفیں دیکھیں اور ہجرت کرنے وقت اپنے پیاروں کو قربان کیا وہ آنکھوں دیکھا حال سنائیںگے۔ان تقریبات کا آغاز 13اگست سے ہورہاہے ۔پہلے سیشن میں ٹی وی اور ایف ایم ریڈیو پر ٹاک شوز اور انٹرویوز نشر کیے جائیں گے۔ دوسرے سیشن میں امن سیمینار،تھیٹر اور صوفی میوزیکل اور مشاعروں کا انعقاد کیاجائے گا۔ہر پروگرام میں تمام محکموں کی طرف سے دو ، دوسٹالز لگائے جائیں گے ۔آئندہ پروگراموں کا شیڈول ضلعی حکومت سے گاہے بگاہے جاری کیے جائیں گے۔

ملتان میں شائع ہونے والی مزید خبریں